NationalPosted at: Jan 13 2021 11:45PM 10ریاستوں میں برڈ فلو،ایڈوائزری جاری
نئی دہلی ، 13 جنوری (یواین آئی) جموں و کشمیر کے ضلع گاندربل اور جھارکھنڈ کے چار اضلاع میں پرندوں کی غیر فطری موت کی اطلاعات کے پیش نظر بدھ کے روز مرکزی وزارت فشریز ، مویشی اور ڈیری نے کہا کہ ایوین انفلوئنزا (برڈ فلو) ملک کی 10 ریاستوں پھیل گیا ہے۔
12 جنوری کو محکمہ مویشی اور فارمنگ کے سکریٹری نے ایک مشاورت جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ریاستوں سے برڈ فلو کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے سرعت کے ساتھ اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ریاستوں کے متعلقہ افسران سے کہا تھا کہ وہ ’ایکشن پلان 2021‘کے مطابق کارروائی کریں۔
ریاستوں کو مشورہ دیا گیا تھا کہ وہ محکمہ صحت اور جنگلات کے ساتھ ہم آہنگی قائم کرکے لوگوں کو اس معاملے میں بیدار کریں۔ ان سے پولٹری فارموں کو حفاظتی سامان فراہم کرنے اور بایو ڈائیورسٹی کے اقدامات کرنے کو بھی کہا گیا تھا۔
ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ہونے والی اس کانفرنس میں ریاستوں کو بی ایس ایل11 لیب کی ریاستی سطح پر شناخت کرنے کا حکم دیا گیاتھا جس سے وائرس کا پتہ لگانے کے کام میں تیزی لائی جاسکے، اس سے برڈ فلو پر قابو پانے کے لئے بروقت کاروائی ممکن ہوگی۔ ان اقدامات سے پولٹری فارموں کو انفیکشن سے بچایا جا سکے گا اور پولٹری کاشت کاروں کو معاشی نقصان سے بچایا جاسکے گا۔
سکریٹری برائے مویشی نے ریاستوں کو مشورہ دیا تھا کہ وہ پولٹری کی پیداوار کو دوسری ریاستوں میں بھیجنے پرعائد پابندی پر ازسرنو غور کریں کیونکہ اس سے پولٹری کی صنعت پر انتہائی منفی اثر پڑے گا۔
میٹنگ میں کہا گیا کہ بہت ساری ریاستوں میں اخبارات ، سیمینارز اور دیگر ذرائع سے بھی آگاہی مہم چلائی جارہی ہے۔ اس کوشش کو مزید فروغ دیئے جانے کی ضرورت ہے۔ سکریٹری برائے مویشی نے میٹنگ میں کہا کہ پولٹری مصنوعات کی کھپت سے متعلق افواہوں پر روک لگائی جانی چاہئے ۔
یواین آئی،اظ