NationalPosted at: Apr 20 2024 8:27PM مودی حکومت کیجریوال کو انسولین نہ دے کر مارنا چاہتی ہے: سنجے سنگھ
نئی دہلی، 20 اپریل (یو این آئی) عام آدمی پارٹی ( آپ ) نے جیل میں بند دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی زندگی سے کھلواڑ کرنے کی سازش کرنے کا الزام لگاتے ہوئے ہفتہ کو کہا کہ مودی حکومت وزیر اعلیٰ کو انسولین نہ دے کر انہیں مارنا چاہتی ہے۔
آپ کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا کے رکن سنجے سنگھ نے آج یہاں کہا کہ سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں واضح طور پر کہا ہے کہ جیل میں مسٹر کیجریوال کو گلوکوز، کیلا، ٹافی وغیرہ جیسی کھانے کی اشیاء فراہم کی جائیں۔ مین اسٹریم میڈیا نے سپریم کورٹ کے اس حکم کو ایک بار بھی نہیں دکھایا، تاکہ ملک کے لوگوں کو سچائی کا پتہ نہ چل سکے اور بی جے پی کے ای ڈی کے جھوٹ کو ان کے سامنے بے نقاب نہ کیا جا سکے۔
مسٹر سنگھ نے کہا “کچھ دن پہلے ہی وزیر اعلیٰ کی شوگر لیول 45 تک گر گئی تھی۔ مسٹر کیجریوال 20 سال سے انسولین لے رہے ہیں اور پچھلے 30 برسوں سے وہ ذیابیطس کے مریض ہیں۔ آخر اس سچ کو ملک کے عوام سے کیوں چھپایا جا رہا ہے؟ آپ بار بار کہہ رہی ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) اور وزیر اعظم نریندر مودی کی مسٹر کیجریوال کے خلاف گہری سازش ہے اور وہ وزیر اعلی کو مارنا چاہتے ہیں۔ شوگر ایک مہلک بیماری ہے، یہ کسی کی بھی جان لے سکتی ہے۔ اپنے مریض کو انسولین نہ دینا مجرمانہ فعل ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تو سب کو معلوم ہے کہ شوگر کے مریض کو اگر وقت پر انسولین نہ ملے یا اس کا شوگر لیول کم ہو جائے تو اسے فوراً گلوکوز یا کوئی میٹھی چیز کھانے کے لیے دی جاتی ہے ، تاکہ شوگر لیول کو مستحکم رکھا جا سکے۔ اگر مریض کو فوری طور پر گلوکوز یا کوئی میٹھی چیز کھانے کو نہ ملے تو اس کے ساتھ کوئی بھی حادثہ ہو سکتا ہے۔
یو این آئی ۔ ع خ