image
Wednesday, Apr 24 2024 | Time 05:12 Hrs(IST)
Entertainment » Hollywood

میجر علی شاہ کی فلم ’’ دا رفیئن‘‘ آسکر ایوارڈ کے لئے منتخب

میجر علی شاہ کی فلم ’’ دا رفیئن‘‘ آسکر ایوارڈ کے لئے منتخب

علی گڑھ11؍مارچ(یو این آئی)ممتاز فلم اداکار اور ہندوستانی فوج کے سابق افسر میجر محمد علی شاہ کی فلم ’’ دا رفیئن‘‘ کے ہندی اور ملیالم ایڈیشن کو دنیا کے باوقار آسکر ایوارڈ کے لئے منتخب کیاگیا ہے۔
میڈیا سینٹرعلی گڑھ کے ڈائرکٹر ڈاکٹر جسیم محمد نے بتایاکہ میجرمحمد علی شاہ ہندوستانی فوج کے سابق افسر ہیں اور انہوں نے اپنی فوج کی ملازمت کے د وران جموں و کشمیر اور نورتھ ایسٹ میں آسام رائفلس کی قیادت کرتے ہوئے بہادری کی نئی جہات قائم کی ہیں۔
ڈاکٹر جسیم محمد نے بتایا کہ میجر محمد علی شاہ اپنی زندگی کے ابتدائی ایام سے ہی اپنے چچا معروف اداکار نصیر الدین شاہ اور ہالی ووڈ کے معروف اداکار ٹام آلٹر سے متاثر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ فلموں میں دلچسپی کے باعث میجر محمد علی شاہ نے فوج سے فلمی دنیا کا رخ کیا اور متعدد فلموں میں متاثر کن رول ادا کئے ہیں۔
ڈاکٹر جسیم محمد نے بتایا کہ فلمی دنیا کے عالمی شہرت یافتہ ایوارڈ’’ آسکر‘‘ کے لئے ہندوستان میں فلموں کے انتخاب کے عمل کے تحت الہ آباد میں منعقدہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں انگریزی فلم ’’ دا رفیئن‘‘ کے ہندی اور ملیالم ایڈیشن کا انتخاب کیاگیا جس میں میجر محمد علی شاہ کے زود اثر کردار کی ججیز نے دل کھول کر تعریف کی۔
ڈاکٹر جسیم محمد نے بتایا کہ میجر محمد علی شاہ کو10؍دسمبر 2015کو نئی دہلی میں منعقدہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں بھی ’’ بیسٹ ایکٹر‘‘ کے ایوارڈ سے سرفراز کیا جا چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وشال بھاردواج کی فلم ’’ حیدر‘‘ میں بھی انہوں نے اہم رول ادا کیا ہے۔
ڈاکٹر جسیم محمد نے کہا کہ میجر محمد علی شاہ انڈین انسٹیچیوٹ آف مینجمنٹ ( کلکتہ) سے بزنس مینجمنٹ کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد ’’ جین پیکٹ‘‘ رولٹا تھیلس لمیٹیڈ اور مہندرا اینڈ مہندرا جیسی ممتاز کمپنیوں میں بھی اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
ڈاکٹر جسیم محمد نے کہا کہ میجر محمد علی شاہ موجودہ نوجوان نسل کے لئے باعثِ ترغیب ہیں جن پر سارا ملک فخر کرتا ہے۔
یو این آئی۔
ایم اے۔
م الف۔

image