NationalPosted at: Jul 17 2017 5:53PM آنجہانی اراکین کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد پارلیمنٹ کی کارروائی کل تک ملتوی
نئی دہلی 17 جولائی (یو این آئی) پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے پہلے دن دونوں ایوانوں میں آنجہانی اراکین خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد کارروائی کل تک کے لئے ملتوی کر دی گئی۔ لوک سبھا میں ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی اسپیکر سمترا مہاجن نے موجودہ رکن اور فلم سے سیاست میں آئے ونود کھنہ اور سابق مرکزی وزیر انل مادھو دوے اور چار سابق اراکین کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اپنا تعزیتی پیغام پڑھا اور ایوان نے آنجہانی اراکین کے اعزاز میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ راجیہ سبھا کے چیئرمین حامد انصاری نے ایوان کے دو موجودہ رکن مسٹر دوے اور مسٹر پلوی گووردھن ریڈی اور چھ سابق اراکین کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور اپناتعزیتی پیغام پڑھا۔ اس کے بعد آنجہانی اراکین کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ اس کے ساتھ دونوں ایوانوں کی کارروائی کل تک کے لئے ملتوی کر دی گئی۔ مسٹر انصاری نے اترپردیش سے راجیہ سبھا کے سابق رکن ڈاکٹر اکھلیش داس گپتا اور پی این شکلا، آندھرا پردیش سے سابق رکن اور تیلگو فلم اداکار دسئی نارائن راؤ، سابق نامزد رکن اور گیان پیٹھ ایوارڈ یافتہ سی نارائن ریڈی، تمل ناڈو سے سابق رکن اور صحافی ایرا سیجین اور کرناٹک سے سابق رکن یو لکشمن گوڈا کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پارلیمانی سیاست اور سماجی شعبہ میں ان کی خدمات کو یاد کیا۔ لوک سبھا میں محترمہ مہاجن نے دسویں لوک سبھا کے رکن رہے نارائن چودھری، پانچویں سے آٹھویں لوک سبھا میں رکن رہے اجیت کمار ساہا، نویں لوک سبھا کے رکن رہے صوبیدار پرساد سنگھ اور تیسری سے پانچویں لوک سبھا کے رکن رہے ایرا سیجین کی پارلیمانی اور سماجی زندگی کا ذکر کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا۔ اس کے بعد ایوان کی کارروائی کل تک کے لئے ملتوی کر دی گئی۔ جاری یو این آئی ۔ م ع۔1700