NationalPosted at: Jul 21 2018 7:06PM اردو ایک شیریں زبان ہے ، ایک مذہب سے جوڑنے سے اسے نقصان پہنچا: نائیڈو
نئی دہلی ، 21جولائی (یو این آئی) ہندوستان کے نائب صدر جمہوریہ وینکئیا نائیڈو نے نے اردو زبان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک شیرین زبان ہے اور آزادی سے پہلے سب اس زبان کا استعمال کیا کرتے تھے اور یہ زبان مجھے بہت پسند ہے۔ یہ بات انہوں نے آج اپنی رہائش گاہ پر یونیسیف کے میڈٰیا مشیر نیز صحافی ڈاکٹر مظفر حسین غزالی کی صحت وماحولیات سے متعلق کتاب کا اجراء کرتے ہوئے کہی۔
نائب صدر نے اردو کے بارے میں کہا کہ وہ فرقہ واریت کا شکار ہوئی ہے اور اسے ایک مذہب سے جوڑنے کی وجہ سے کافی نقصان پہنچا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اردو کی شیرینی اور مٹھاس سے کافی متاثر ہیں جو ایک مذہب سے جوڑنے سے پہلے پورے ہندوستان میں بولی اور پڑھی جاتی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اردو ملک کی رابطہ کی زبان تھی۔ سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپئی جیسے لوگوں کی ہندی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسے سمجھنے کے لئے کئی مرتبہ ڈکشنری کھولنا پڑتا ہے لیکن اردو آسانی سے سمجھ میں آجاتی ہے ۔
انہوں نے کتاب کے مصنف ڈاکٹر غزالی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایسے موضوعات پر قلم اٹھایا ہے جس کی آج سخت ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت اور ماحولیات کے بارے میں بیداری لانا از حد ضروری ہے کیونکہ ایک صحتمند معاشرہ صحتمند ملک کا عکاس ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اردو اور ملک کی دیگر زبانوں میں ایسے موضوعات پر کم کتابیں شائع ہوتی ہیں ۔ اس لئے ڈاکٹر غزالی نے ایک اچھا کام کیا ہے اور وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔
خیال رہے تقریباً دو سو صفحات پر مشتمل اس کتاب میں 33 مضامین شامل ہیں جو صحت سے متعلق نئی قومی پالیسی سے لیکر ہر اس موضوع کا احاطہ کرتے ہیں جن کا تعلق ہمار ی روزمرہ کی زندگی اور ماحولیات سے ہے ۔ جس کے توسط سے معاشرہ میں بیداری لائی جاسکتی ہے۔
مولانا آزاد یونی ورسٹی ، جودھپور کے صدر پروفیسر اختر الواسع نے لکھا کہ صحت کے موضوع پر اردو میں لکھنے والوں کی خاصی کمی محسوس کی جاتی رہی ہے ۔ اردو میں ایسے قلمکار کمیاب ہیں جو صحت عامہ کے موضوع کا حق ادا کرنے وجدید تحقیقات کی روشنی میں انصاف کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ اس پس منظرمیں ڈاکٹر مظفر حسین غزالی کی یہ کتاب قابل قدر ہے جس میں انہوں نے
صحت سے جڑے مسائل خصوصاً امیونائزیشن ، بچوں کی دیکھ بھال ، زچہ بچہ ، غذائیت ، گندگی، آلودگی ، صاف پانی پروغیرہ سیر حاصل گفتگو کی ہے۔
کتاب کی اجراء کی اس باوقار تقریب میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کے پروفیسر ریحان خان سوری ، فری لانس جرنلسٹ ارشد غازی ، روزنامہ صحافت کے مدیر نواب اختر اور محمد حمزاء وغیرہ شریک تھے۔
یو این آئی۔ ع ا۔