NationalPosted at: Sep 23 2018 7:18PM بھوٹان ہندستان کی فیملی کاحصہ رہاہے :وینکیا
نئی دہلی ،23ستمبر(یواین آئی)نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے کہاہے کہ ہندستان بھوٹان کو اپنی فیملی کا حصہ مانتاہے اور وہاں کی ثقافت نے ہندستانیوں کو ہمیشہ راغب کیاہے ۔
مسٹر نائیڈو نے آج یہاں ہندستان بھوٹان ہفتہ کا افتتاح کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔اس کا انعقاد ہندستان اور بھوٹان کے سفارتی تعلقات کے قیام کے 50سال پورے ہونے کے موقع پر کیاگیا اور اس موقع پر بھوٹان کی راج ماتا سنگئے چوڈین بھی موجود تھیں ۔
انھوں نے کہاکہ ہندستان اوربھوٹان کی دوستی باہمی اعتماد اور ہم آہنگی پر ٹکی ہے اور دونوں ملکوں کے عوام نے باہمی دوستی کو مضبوطی فراہم کی ہے ۔انھوں نے یہ بھی کہاکہ بھوٹان کی ثقافت اور روایتی طرززندگی نے ہندستانیوں کو صدیوں سے اپنی طرف راغب کیاہے اور ہندستان بھوٹان ہفتہ سے دونوں کے رشتے اور مضبوط ہونگے ۔دونوں ایک دوسرے کی موسیقی ،رقص ،دستکاری ،کھانے پینے اور آرٹ سے مستفیض ہونگے اور ایک دوسرے کی ثقافت کے بارے میں جاننے کا موقع ملے گا ۔
نائب صدرجمہوریہ نے کہاکہ بھوٹان نے اپنی ترقی کا نیاماڈل وضع کیاہے جس سے وہاں کے طرززندگی اور اقتصادی ترقی میں مددملی ہے ۔اندراگاندھی راشٹریہ کلاکیندرمیں منعقد اس پروگرام میں ہندستان اوربھوٹان کے کئی سینئر افسران اور فنکار وں نے بھی شرکت کی ۔
یواین آئی۔ایف اے