RegionalPosted at: Jul 10 2020 8:28PM کانپورمیں وکاس دوبے پولیس مقابلے میں ہلاک
کانپور، 10 جولائی (یواین آئی) اترپردیش کے کانپور کے علاقے برا میں پولیس کی اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے آٹھ پولیس اہلکاروں کے قتل کا کلیدی ملزم وکاس دوبے کو ہلاک کردیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ اجین سے کانپور لارہی پولیس گاڑی برا علاقہ کے کانپور بھونتی روڈ پر پلٹ گئی۔ حادثہ کے بعد بھاگ رہے وکاس کی پولیس کی گولی لگنے سے موت ہوگئی ۔
انہوں نے کہا کہ وکاس کو جمعرات کے روز مدھیہ پردیش کے اجین میں گرفتار کیا گیا تھا اور اسے پولیس کسٹڈی میں براستہ سڑک کانپورلایاجارہا تھا۔ اسے صبح دس بجے عدالت میں پیش کیاجا نا تھا۔ سنچیڈی علاقے تک سب کچھ ٹھیک تھا لیکن برا کے علاقے میں پولیس کی گاڑی الٹ گئی۔
گاڑی پلٹتے ہی وکاس نے فرار ہونے کی کوشش کی ، جس پر پولیس ٹیم نے فائرنگ کردی۔ اس واقعہ میں شدید طور سے زخمی ہسٹری شیٹر کوایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیاجہاں اسے مردہ میں قرار دے دیا گیا۔
تاہم پولیس نے سرکاری طور پر اس واقعہ کی باضابطہ تصدیق نہیں کی ہے۔ تفصیلی رپورٹ کا انتظار ہے۔
خیال رہے 2 جولائی کی رات ، وکاس اور اس کے ساتھیوں نے کانپور کے چوبے پور کے بکرو گاؤں میں 8 پولیس اہلکاروں کو گولی مار کر ہلاک کردیاتھا ۔ اس سلسلے میں پولیس اب تک واکس کے پانچ ساتھیوں کو ڈھیر کر چکی ہے۔ وکاس کو گزشتہ روز اجین کے مہاکالیشور مندر سے ڈرامائی انداز میں گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس ٹیم چارٹر ہوائی جہاز سے اسے لینے کے لئے اجین گئی ، لیکن اسے سڑک کے راستے واپس لانے کا فیصلہ کیا گیا۔
یواین آئی،اظ