NationalPosted at: Aug 7 2024 3:45PM وایناڈ سانحہ کو قومی آفت قرار دیا جانا چاہئے: راہل
نئی دہلی، 07 اگست (یو این آئی) لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے وایناڈ سانحہ کو قومی آفت قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے ایوان میں وقفہ صفر کے دوران یہ مطالبہ کرتے ہوئے مسٹر گاندھی نے کہا کہ وایناڈ میں بھاری بارش کے باعث مٹی کے تودے گرنے سے تقریباً 400 لوگ ہلاک ہوگئے اور بڑی تعداد میں لوگ لاپتہ ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت کو وائناڈ کے بے گھر لوگوں کی باز آبادکاری کے انتظامات کرنا چاہئے اور وہاں ہونے والے نقصانات کی تلافی کرنی چاہئے ۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ انہوں نے اور ان کی بہن پرینکا گاندھی واڈرا نے وائناڈ میں تباہی کو اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے۔ دو کلومیٹر پہاڑی سڑک پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے وائناڈ کو جوڑنے والی بڑی سڑکیں منقطع ہو گئی ہیں۔ بعض گھروں میں صرف ایک آدمی زندہ بچا ہے اور بعض میں صرف ایک بچہ زندہ بچا ہے۔
مسٹر گاندھی نے فوج، نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس، اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس، پولیس اور دیگر یونٹوں کی تعریف کی جو وایناڈ میں لینڈ سلائیڈنگ کے بعد ہونے والی تباہی کے بعد راحت اور بچاؤ کاموں میں مصروف ہیں، جن کی کوششوں سے متاثرین کی بہت مدد ہوئی ہے ۔ انہوں نے ریاستی افواج کو وہاں بھیجنے پر کرناٹک، تمل ناڈو اور تلنگانہ کی ریاستی حکومتوں کی تعریف کی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام طبقات کے لوگ متاثرین کی مدد کے لیے موقع پر پہنچے۔
یو این آئی ۔ ع خ