NationalPosted at: Jan 6 2018 5:17PM عالمی کتاب میلے میں کتابوں کے ذریعہ ماحولیات بچانے کا پیغام
نئی دہلی، 6جنوری (یو این آئی) معروف ماہر ماحولیات سنیتا نارائن نے ملک میں بڑھتی آلودگی اور ماحولیاتی تبدیلی پر سخت تشویش کااظہار کرتے ہوئے آج کہاکہ دنیا کا ماحول بگڑنے کا سب سے زیادہ اثر ہندوستان پر پڑا ہے اور غریبوں اور کسانوں کواس کی سب سے زیادہ مار جھیلنی پڑ رہی ہے۔
دارالحکومت کے پرگتی میدان میں 26ویں عالمی کتاب میلے کے افتتاح کے موقع پر منعقد تقریب کی مہمان خصوصی سنیتا نارائن نے یہ باتیں کہیں۔ انسانی وسائل کے فروغ کے مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر کی غیر موجودگی میں ان کے ویڈیو پیغام کے ذریعہ میلے کا افتتاح کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں خواتین کو بااختیار بنانے کی اسکیم کے تحت ہندی کی تین نوجوان مصنفائیں یششونی پانڈے، اندرا دانگی اور کوشل پنوار کی کتابوں کا اجراء بھی کیا گیا۔ اس سال میلے کا تھیم ماحولیات اور ماحولیاتی تبدیلی ہے او ریوروپی یونین کو مہمان ملک کا درجہ دیا گیا ہے۔
محترمہ نارائن نے کہا کہ پوری دنیا میں ماحولیات کے تئیں لوگوں میں تشویش پائی جاتی ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ زمینی سطح پر کوئی بھی ٹھوس کام نہیں کیا گیا ہے اور دنیا کے ماحولیاتی تبدیلی کا سب سے زیادہ اثر ہندوستان پر ہی پڑا ہے ۔آج دہلی میں آلودگی کی وجہ سے ہوا میں زہر پھیل گیا ہے اور ہم سب سانس میں زہر لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں ماحولیاتی تبدیلی شروع ہوگئی ہے جس کی وجہ سے زیادہ گرمی او رزیادہ سردی پڑ رہی ہے اور مانسون پر بھی اثر پڑ رہا ہے۔ اس کی مار سب سے زیادہ کسانوں اور غریبوں پر پڑ رہی ہے۔
جاری ۔یو این آئی ج ا