NationalPosted at: Apr 14 2024 8:16PM مودی نے بی جے پی کا منشور نہيں، 'جملہ پتر' جاری کیا: عآپ

نئی دہلی، 14 اپریل (یو این آئی) عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے اتوار کے روز کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا انتخابی منشور جاری نہیں کیا ہے، بلکہ 2024 کے لوک سبھا کے لیے 'جملہ پتر' جاری کیا ہے۔
عآپ کے سینئر لیڈر محترمہ آتشی نے بی جے پی کے انتخابی منشور کو 'جملہ پتر' قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے لیے مسٹر مودی نے بی جے پی کا کوئی منشور جاری نہیں کیا بلکہ جملہ پترا کے ذریعے بی جے پی کے پچھلے 10 سالوں میں پورے نہیں کیے گئے وعدوں کی فہرست سامنے آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی اور بی جے پی نے صرف اپنے بیانات سے ملک کے لوگوں کو دھوکہ دیا ہے اگر انہوں نے پچھلے 10 سالوں میں کام کیا ہے تو اسی بنیاد پر ووٹ مانگ کر دکھائیں۔
محترمہ آتشی نے کہا کہ ہر سال دو کروڑ لوگوں کو روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کرنے والے وزیر اعظم نے اپنے 75 صفحات کے طویل 'جملہ نامہ' میں یہ اعداد و شمار بھی نہیں دیے کہ انہوں نے گزشتہ 10 سالوں میں کتنے نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا۔ انہوں نے مہنگائی کم کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن 10 سال میں ملک کے اندر مہنگائی کم ہونے کے بجائے ملک کے افراط زر کی شرح دنیا میں دوسرے نمبر پر آگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کا وعدہ کرنے والے بی جے پی کے جملہ نامہ میں نہ کسانوں کی آمدنی کی بات کی گئی ہے اور نہ ہی ایم ایس پی کے قانون کے بارے میں کوئی ذکر کیا گیا ہے۔ بی جے پی کسانوں سے اپنے وعدوں سے پیچھے ہٹ گئی۔ بی جے پی اپنے منشور کے ذریعہ پورے ملک میں جس آیوشمان بھارت کا ڈگڈگی بجارہی ہے اس پر پچھلے سال دہلی جیسی چھوٹی ریاست کے صحت کے بجٹ سے کم پیسہ خرچ کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں کوئی بھی بی جے پی کے جاری کردہ 'جملہ پتر' پر یقین نہیں کرے گا۔ پچھلے دس سالوں میں پورے ملک نے بی جے پی کے بیانات دیکھے ہیں اور اس بار ملک کے عوام ان بیانات کے خلاف ووٹ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 سالوں میں نہ صرف نوجوانوں پر تشدد کیا گیا، کسانوں پر تشدد کیا گیا، مہنگائی بڑھی بلکہ بی جے پی نے تعلیم اور صحت کے نام پر ملک کے عوام کو دھوکہ دیا۔
یو این آئی۔ م ش۔