NationalPosted at: Oct 9 2025 2:56PM افغان طالبان کے وزیر خارجہ امیرخان متقی کی دہلی آمد

نئی دہلی، 9 اکتوبر (یواین آئی) افغانستان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی جمعرات کی صبح دہلی پہنچ گئے یہ افغانستان میں طالبان حکومت کے کسی اعلیٰ رکن کا ہندوستان کا پہلا دورہ ہے وہ وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے بات چیت کریں گے وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، "حکومت افغان طالبان کے وزیر خارجہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر بات چیت کی منتظر ہے۔ ہم افغان وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی کی نئی دہلی آمد کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہیں۔ ہم ان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات اور علاقائی مسائل پر بات چیت کے منتظر ہیں۔"
امارت اسلامیہ افغانستان کی وزارت خارجہ کے تعلقات عامہ کے سربراہ ضیا احمد تکل نے کہا کہ متقی وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور دیگر ہندوستانی حکام سے ملاقات کریں گے اور مختلف سیاسی، اقتصادی اور تجارتی امور کے ساتھ ساتھ افغانستان کے علاقائی تعلقات کو وسعت دینے پر بات کریں گے۔
مسٹر متقی ماسکو سے ہندوستان آ رہے ہیں، جہاں انہوں نے ہندوستان، چین، پاکستان، ایران، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان کے حکام کے ساتھ ماسکو فارمیٹ کے مذاکرات میں حصہ لیا۔ ماسکو فارمیٹ کی مشاورت علاقائی سلامتی، انسداد دہشت گردی، منشیات کی اسمگلنگ اور افغانستان میں انسانی صورتحال پر مرکوز ہے۔
ہندوستان نے اگست 2021 میں کابل پر قبضہ کرنے والی افغان طالبان حکومت کے ساتھ انسانی امداد اور تجارتی تعلقات پر توجہ مرکوز کی ہے۔
دورے کے دوران، امارت اسلامیہ کو تسلیم کرنے، افغانستان کے لیے ہندوستان کی انسانی امداد، اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر بات چیت کا امکان ہے۔
یواین آئی۔الف الف