NationalPosted at: Apr 20 2025 8:55PM ہندوستانی لڑاکا طیارے متحدہ عرب امارات میں فوجی مشقوں میں اپنی صلاحیتوں کا کریں گے مظاہرہ

نئی دہلی، 20 اپریل (یو این آئی) ہندوستانی فضائیہ کے مگ 29 اور جیگوار لڑاکا طیارے کل سے متحدہ عرب امارات میں ہونے والی باوقار فضائی جنگی مشق ڈیزرٹ فلیگ -10 میں اپنی مہارت اور حکمت عملی کا مظاہرہ کریں گے۔ ہندوستانی فضائیہ کا ایک دستہ متحدہ عرب امارات کے الظفرہ ایئر بیس پہنچ گیا۔ہندوستانی فضائیہ اس مشق میں مگ-29 اور جیگوار طیاروں کو میدان میں اتار رہی ہے۔مشق ڈیزرٹ فلیگ ایک کثیر قومی مشق ہے جس کی میزبانی متحدہ عرب امارات کی فضائیہ کر رہی ہے، جس میں ہندوستانی فضائیہ کے علاوہ آسٹریلیا، بحرین، فرانس، جرمنی، قطر، سعودی عرب، جمہوریہ کوریا، ترکی، متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور امریکہ کی فضائی افواج کے دستے حصہ لے رہے ہیں۔ یہ مشق 21 اپریل سے 08 مئی 2025 کے درمیان ہونے والی ہے۔
مشق کا مقصد دنیا کی کچھ سب سے زیادہ قابل فضائی افواج کے ساتھ آپریشنل معلومات اور بہترین طور طریقوں کے تبادلے کے ساتھ پیچیدہ اور متنوع لڑاکا مصروفیات انجام دینا ہے۔اس طرح کی مشقوں میں شرکت باہمی افہام و تفہیم کو بڑھاتی ہے اور شریک ممالک کے درمیان فوجی تعاون کو مضبوط کرتی ہے۔
ہندوستانی فضائیہ کی شرکت خطے اور اس سے باہر کے دوست ممالک کے ساتھ دفاعی تعلقات اور باہمی تعاون کو مستحکم کرنے کے ہندوستان کے عزم کی نشان دہی کرتی ہے ۔
یو این آئی۔ این یو۔