NationalPosted at: Mar 16 2025 10:25PM مودی حکومت اور آسام حکومت بوڈوپا اوپیندر ناتھ برہما جی کے خوابوں کو پورا کریں گی

نئی دہلی، 16 مارچ (یواین آئی) امور داخلہ اور اور امداد باہمی کے مرکزی وزیر امت شاہ نے آج آسام کے کوکراجھار میں آل بوڈو اسٹوڈنٹس یونین (اے بی ایس یو) کی 57 ویں سالانہ کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کیا اس موقع پر آسام کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر ہیمنتا بسوا شرما ، قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر بسواجیت دیماری، مرکزی داخلہ سکریٹری اور انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کے ڈائریکٹر سمیت کئی دیگر معززین موجود تھے اپنے خطاب میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ آل بوڈو اسٹوڈنٹس یونین (اے بی ایس یو) نے خطے میں امن، ترقی اور جوش و خروش قائم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اے بی ایس یو کے کردار کے بغیر بوڈو معاہدہ ممکن نہ ہوتا اور بوڈو لینڈ میں امن قائم نہ ہوتا۔ اس موقع پر مسٹرشاہ نے بوڈو لینڈ کے امن کے لیے جدوجہد کرنے والے پانچ ہزار شہیدوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔
مسٹرامت شاہ نے کہا کہ آج جب پورا بوڈو لینڈ اپنے رہنما اوپیندر ناتھ برہما جی کے دکھائے ہوئے راستے پر چل رہا ہے، حکومت نے دہلی کی ایک نمایاں سڑک کا نام بوڈوپا اوپیندر ناتھ برہما مارگ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اپریل کے پہلے ہفتے میں دہلی میں ایک پروگرام منعقد کیا جائے گا جس میں اوپیندر ناتھ برہما جی کے مجسمے کی نقاب کشائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت اور آسام حکومت بوڈوپا اوپیندر ناتھ برہما جی کے ہر خواب کو پورا کریں گی۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ اے بی ایس یو تعلیم، تفویض اختیارات اور ترقی کے عمل کو آگے بڑھا رہی ہے۔ یہ اے بی ایس یو کی کوششوں کی وجہ سے ہے کہ آج طلباء بوڈو زبان میں 12 ویں جماعت تک کے امتحانات دے سکتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں ہماری بوڈو زبان کو پہچان ملی ہے اور آنے والے کئی سالوں تک یہ زندہ رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کی تقریب بوڈولینڈ میں قیام امن کا ایک مضبوط پیغام دیتی ہے۔
مسٹرامت شاہ نے کہا کہ جب 27 جنوری 2020 کو بوڈو لینڈ ٹیریٹوریل ریجن (بی ٹی آر) امن معاہدے پر دستخط ہوئے تو اپوزیشن اس کا مذاق اڑا رہی تھی۔ تاہم آج مرکزی حکومت اور آسام حکومت نے اس معاہدے کی 82 فیصد شرائط پوری کردی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت ہند اگلے دو سالوں میں اس معاہدے کو 100 فیصد نافذ کرے گی۔ اس کے بعد بی ٹی آر میں دیرپا امن رہے گا۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ بی ٹی آر امن معاہدے کے تحت حکومت نے یکم اپریل 2022 کو پورے بی ٹی آر علاقے سے آرمڈ فورسز (اسپیشل پاورز) ایکٹ (اے ایف ایس پی اے) کو ہٹا دیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ حکومت ہند کے ’ون ڈسٹرکٹ ، ون پروڈکٹ‘ (او ڈی او پی) پروگرام کے تحت آج کوکراجھار کے مشروم ، جسے ’’مشروم فرام بوڈو لینڈ‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے، کو دہلی کے ہوٹلوں کے مینو میں شامل کیا جا رہا ہے۔ یہ بوڈو لینڈ میں قائم امن کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن کی وجہ سے بوڈو لینڈ ’ڈورنڈ کپ‘ ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنے میں کامیاب رہا۔ انہوں نے بوڈو لینڈ کے کھلاڑیوں سے اپیل کی کہ وہ 2036 میں ہندوستان میں ہونے والے ممکنہ اولمپکس کی تیاری شروع کر دیں۔
مسٹرامت شاہ نے کہا کہ بوڈو لینڈ کی ایک درجن سے زیادہ مصنوعات کو جی آئی (جغرافیائی اشارے) کا ٹیگ ملا ہے۔ اس کے نتیجے میں پورے بی ٹی آر علاقے میں بتدریج ایک صنعتی ماحول پیدا ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب بدامنی ، افراتفری اور علیحدگی پسندی کے بارے میں بات چیت ہوتی تھی، لیکن اب توجہ تعلیم ، ترقی اور صنعت پر مرکوز ہو گئی ہے۔
یواین آئی۔ م س