NationalPosted at: May 23 2025 7:09PM آرمی چیف نے شہید فوجیوں کے لواحقین کو 'بلیدان بیج' اور 'اعزاز نامہ' پیش کیا

نئی دہلی، 23 مئی (یو این آئی) آرمی چیف جنرل اوپیندر دویدی نے جمعہ کے روز یہاں تقریب میں فرض کی وردی میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے مادر ہند کے نو بہادر بیٹوں کے لواحقین کو 'بلیدان بیج' اور 'اعزاز نامہ' پیش کیا۔
یہ اعزازات دہلی چھاؤنی میں منعقدہ ایک عظیم الشان اور اعزازی تقریب میں ان افسروں، جونیئر کمیشنڈ آفیسرز اور دیگر رینک کے جوانوں کو دیا گیا جو ملک کی خدمت کرتے ہوئے دشمن اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں شہید ہوئے تھے۔
یہ تقریب جمعرات کے روز راشٹرپتی بھون میں منعقدہ دفاعی اعزازیہ کی رسمی تقریب کے ایک دن بعد منعقد ہوئی۔ یہ اعزازات کرنل منپریت سنگھ، میجر آشیش دھونچک، کیپٹن دیپک سنگھ، حولدار روہت کمار، نائیک دلور خان، رائفل مین روی کمار، سپاہی پردیپ سنگھ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ہمایوں مزمل بھٹ، وجین کٹی جی (بارڈر روڈ آرگنائزیشن) کے اہل خانہ کو دیئے گئے۔
یہ اعزازات دینے کا سلسلہ جولائی 1999 میں کیا گیا تھا اور 1947 سے جنگوں میں عظیم قربانی دینے والے بہادر جوانوں کے خاندانوں کو دیے جا رہے ہیں۔ پہلی بار یہ اعزازات 16 دسمبر 1999 کو وجے دیوس کے موقع پر دیے گئے۔
'بلیدان بیج' 24 قیراط سونا چڑھایا ہوا نشان ہے جس پر فوجی کا نمبر، رینک اور نام کندہ کیا گیا ہے۔ ہندوستانی فوج کا نشان مخالف سمت پر نقش ہے جو ابدی یاد گاری نشان ہے۔ 'اعزاز نامہ' بھی اتنا ہی خاص ہے اور اسے 24 قیراط سونے کے ورق پر تیار کیا گیا ہے اور اسے گولڈ پلیٹڈ فریم میں سیٹ کیا گیا ہے۔ ڈائریکٹوریٹ آف ویٹرنز کی طرف سے ڈیزائن کیے گئے یہ اعزازات جمالیاتی وقار اور فوج کی طرف سے اپنے شہید ہیروز کو دیے جانے والے ابدی احترام کی عکاسی کرتے ہیں۔
شہداء کے اہل خانہ نے جذباتی ہوکر یہ اعزازات فخر سے قبول کئے۔ ہندوستانی فوج غیرت، فرض اور قربانی کی گہری روایات کو برقرار رکھتی ہے اور اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ ہر شہید فوجی کو احترام اور عقیدت کے ساتھ یاد کیا جائے۔
یو این آئی۔ م ش۔