OthersPosted at: Mar 13 2026 7:49PM مودی نے کوکراجھار کو 4500 کروڑ روپے کی سوغات دی، دراندازی کے معاملے پر کانگریس کو نشانہ بنایا

گواہاٹی، 13 مارچ (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز آسام کے کوکراجھار میں ترقی کی نئی لہر کا آغاز کرتے ہوئے 4500 کروڑ روپے سے زیادہ کے پروجیکٹوں کا سنگِ بنیاد رکھا اور افتتاح کیا خراب موسم کی وجہ سے کوکراجھار نہ پہنچ پانے پر وزیراعظم نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے عوام سے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنی تقریر کا آغاز مقامی بوڈو زبان میں 'کھلم بائی کوکراجھار' (نمستے کوکراجھار) کہہ کر کیا اور وہاں نہ پہنچ پانے پر عوام سے معذرت کی۔ وزیراعظم نے نقل و حمل کو ترجیح دیتے ہوئے 1100 کروڑ روپے کی لاگت والی بوڈولینڈ کی سڑکوں کا سنگِ بنیاد رکھا۔ انہوں نے 'آسام مالا' مہم کے تیسرے مرحلے کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ یہ سڑکیں خطے میں تجارت اور سیاحت کے نئے دروازے کھولیں گی۔ اسی سلسلے میں وزیراعظم نے 'کاماکھیا-چارلا پلی امرت بھارت ایکسپریس' اور 'گواہاٹی-نیو جلپائی گوڑی ایکسپریس' کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔
کوکراجھار کی گزشتہ دہائیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کبھی ان پہاڑیوں میں بم اور بندوقوں کی گونج سنائی دیتی تھی، لیکن آج یہاں کی تصویر بدل چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب 'خام' (روایتی ڈھول) کی تھاپ اور 'سیفنگ' (بانسری) کی مدھر دھنیں گونج رہی ہیں۔ مسٹر مودی نے اسے بوڈولینڈ میں امن اور ترقی کے نئے باب کا آغاز قرار دیا اور اعلان کیا کہ یہاں بننے والی ریلوے ورکشاپ اس خطے کو لاجسٹکس کا بڑا مرکز بنائے گی۔
وزیرِ اعظم نے کانگریس پر “غداری” کا الزام عائد کرتے ہوئے اسے “جھوٹے وعدوں کی دکان” قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں بیٹھی کانگریس کی سابقہ حکومتوں نے صرف دکھاوے کے لیے کاغذی معاہدے کیے اور برادریوں کے درمیان اختلافات پیدا کیے۔ اس کے برعکس انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والی قومی جمہوری اتحاد حکومت کو “پائیدار امن کا ماڈل” قرار دیا۔
سکیورٹی کے معاملے پر وزیراعظم نے کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ دراندازوں کا ساتھ دے کر یہاں کی 'روٹی، بیٹی اور ماٹی' کو خطرے میں ڈالا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کی قیادت میں جاری تجاوزات مخالف مہم کی تعریف کی اور کہا کہ اب مقامی باشندوں کو ان کی زمین کے قانونی دستاویزات مل رہے ہیں۔
بوڈو ثقافت اور شناخت کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ حکومت نے نہ صرف بوڈو زبان کو 'معاون سرکاری زبان' کا درجہ دیا بلکہ روایتی عقیدے 'باتھو' کو بھی قومی سطح پر سناخت دلائی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہتھیار چھوڑنے والے تقریباً 10 ہزار نوجوان اب مرکزی دھارے کا حصہ ہیں۔ اس پروگرام میں آسام کے گورنر لکشمن پرساد اچاریہ، وزیراعلیٰ ہیمنت بسوا سرما، مرکزی وزیر سربانند سونووال اور بوڈولینڈ ٹیریٹوریل کونسل (بی ٹی سی) کے چیف ایگزیکٹو ممبر ہاگراما موہلاری سمیت بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔
یواین آئی۔ م س