InternationalPosted at: Feb 12 2026 10:03PM بنگلہ دیش عام انتخابات: نتائج کے ابتدائی رجحانات میں جماعت اسلامی اور بی این پی کے درمیان سخت مقابلہ

ڈھاکہ، 12 فروری (یو این آئی) بنگلہ دیش کے تاریخی عام انتخابات کے ووٹوں کی گنتی شروع ہونے کے ساتھ انتخابی نتائج کے ابتدائی رجحانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ جماعت اسلامی اور بی این پی کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔
بنگلہ دیش میں جمعرات کے روز شام 4.30 بجے ووٹنگ مراکز کے دروازے بند ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کیا گیا، جس میں طارق رحمان کی بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) اور جماعت اسلامی کی قیادت میں از سرو نو قائم ہونے والے 11 جماعتوں کے اتحاد کے درمیان براہ راست مقابلہ دیکھا جارہا ہے۔
حکام نے کہا کہ ابتدائی رجحانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں پارٹیوں کے درمیان کانٹے کی ٹکر ہے، حالانکہ صورتحال مزید رجحانات دستیاب ہونے پر ہی واضح ہوگی۔
اگرچہ دونوں جماعتوں نے ایک دوسرے پر "بدعنوانی" کا الزام لگایا، جماعت اسلامی کے امیر شفیق الرحمان نے اخباری نمائندوں کو بتایا، "خواہ دوسرے لوگ نتائج کو قبول کریں یا نہ کریں، ہم اسے قبول کریں گے، ان شاء اللہ"۔ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ جیت کی امید کر رہے تھے۔
ٹیلی ویژن پر معروف چہرہ رومین فرحانہ، جنہوں نے بی این پی چھوڑ کر آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا تھا، وہ برہمن باڑیا-2 حلقہ سے آگے چل رہی ہیں۔ دیر شام 8:30 بجے تک، رومین فرحانہ کو 12 پولنگ مراکز سے 9,648 ووٹ حاصل ہوئے ہیں، جب کہ ان کے قریبی حریف، بی این پی-اتحاد کے امیدوار مولانا جنید الحبیب کو 6,745 ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔
پارلیمانی حلقہ صنم گنج-2 سے بنگلہ دیش جماعت اسلامی کے امیدوار ششیر منیر نے شکست تسلیم کرتے ہوئے فیس بک پوسٹ میں کہا، "میرے حلقے سے جیتنے پر بی این پی کے امیدوار جناب ناصر الدین چودھری کو مبارکباد۔"
جمعرات کی صبح ووٹنگ کے سست آغاز کے بعد، بڑی تعداد امنڈنے والے ووٹروں نے دارالحکومت ڈھاکہ اور اس کے مضافات کے پولنگ سٹیشنوں میں زبر دست جوش خروش کا مظاہرہ کیا۔
حکام نے بتایا کہ ووٹوں کی گنتی شروع ہو گئی ہے، تاہم، ابھی ووٹنگ کے حتمی فیصد کا اعلان ہونا باقی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دوپہر 2 بجے تک ووٹر ٹرن آؤٹ تقریباً 48 فیصد تک پہنچ گیا تھا۔
اگست 2024 میں طلبہ کی قیادت میں وسیع پیمانے پر ہونے والے احتجاج کے بعد شیخ حسینہ کی حکومت کا تختہ پلٹ گیا تھا، جس کے بعد یہ پہلے انتخابات تھے۔
کمیشن کے سینئر سیکرٹری اختر احمد نے ووٹر ٹرن آؤٹ کے اعلان میں تاخیر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کو ابھی تک ملک بھر کے 6,620 پولنگ مراکز سے ووٹر ٹرن آؤٹ کا ڈیٹا موصول نہیں ہوا ہے۔
پولنگ ختم ہونے کے بعد شروع ہونے والی گنتی میں، انتخابی کارکنوں کو بڑی محنت کے ساتھ پورے ملک میں پھیلے ہوئے مراکز پر سیاہ اور سفید کاغذ کے بیلٹ کے ڈھیروں سے چھانٹتے ہوئے دیکھا گیا، جنہوں نے ہر ایک بیلٹ کا دستی معائنہ کیا تاکہ گنتی میں شامل کرنے سے پہلے یہ یقینی بنایا جا سکے کہ یہ درست ووٹ ہے یا نہیں۔
173 ملین سے زیادہ آبادی والے ملک میں تقریباً 127 ملین افراد نے ووٹ ڈالنے کے اہل تھے، جن میں 50 لاکھ نئے ووٹر شامل ہیں۔ ووٹر آبادی کا تقریباً 44 فیصد، یعنی 56 ملین افراد کی عمریں 18 سے 37 سال کے درمیان ہیں۔
رائے عامہ کے جائزوں میں بی این پی کے رہنما طارق رحمان کو وزارت عظمیٰ کے لیے سب سے آگے پیش کیا گیا ہے۔ تاہم، تجزیہ کاروں کے خیال میں جماعت اسلامی کے زیرقیادت اتحاد، جس کی سربراہی پارٹی کے سربراہ شفیق الرحمٰن کر رہے ہیں اور جس میں 2024 کی بغاوت کے بعد طلبہ رہنماؤں کے ذریعہ تشکیل کردہ نیشنل سٹیزن پارٹی (این سی پی) بھی شامل ہے، وہ پریشان کن صورتحال پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
انتخابات کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ملک بھر میں تقریباً 10 لاکھ پولیس اور فوجی تعینات کیے گئے تھے۔ طارق رحمان نے "بے ضابطگیوں" کی اطلاعات کے درمیان نتائج کے بروقت اعلان پر زور دیا ہے، جب کہ جماعت اسلامی کے شفیق الرحمان نے ملک کے مختلف حصوں میں جعلی ووٹ ڈالنے کی کوششوں کا الزام لگایا ہے۔
عام انتخابات کے حتمی نتائج جمعہ کے روز آنے کی توقع تھے۔
یو این آئی۔ م ش۔