OthersPosted at: Aug 19 2026 2:27PM کولکاتہ کے ایک ہوٹل میں آگ لگنے سے نو افراد ہلاک

کولکاتہ، 19 اگست (یواین آئی) مغربی بنگال میں وسطی کولکاتہ کی فری اسکول اسٹریٹ پر واقع ایک ہوٹل میں منگل کی دیر رات لگنے والی بھیانک آگ آس پاس کے ہوٹلوں تک پھیل جانے سے ایک بچے سمیت کم از کم نو افراد ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے حکام نے یہ معلومات دی ہے انہوں نے بتایا کہ آگ لگنے کی اطلاع کل رات تقریباً دو بجے ہوٹل کی تیسری منزل سے ملی گھنے دھوئیں نے جلد ہی کمروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس سے اس وقت سوئے ہوئے کئی مہمان اندر ہی پھنس گئے۔ عمارت سے باہر نکلنے کے تنگ راستے سے بھاگنے کی کوشش کے دوران لوگوں میں افراتفری مچ گئی۔
اطلاع ملتے ہی فائر فائٹرز نیو مارکیٹ تھانے کے پولیس اہلکاروں اور ڈسٹرکٹ ڈزاسٹر مینجمنٹ کی ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے۔ ہوٹل اور آس پاس کے تمام ادارے ایک تنگ گلی میں واقع ہونے کی وجہ سے فائر برگیڈ کی گاڑیوں کو جائے وقوعہ کے اندر تک پہنچنے میں کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
فائر فائٹرز نے ابتدا میں باہر سے آگ بجھانے کی کوشش کی اور بعد میں عمارتوں کے اندر داخل ہو کر بچاؤ آپریشن چلایا۔ بتایا جا رہا ہے کہ تقریباً 60 افراد کو محفوظ باہر نکالا گیا۔ ان میں سے کئی لوگ دھوئیں کی وجہ سے بے ہوش ہو گئے تھے، جنہیں پاس کے اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔
اسپتال کے ذرائع کے مطابق مرنے والوں میں سے زیادہ تر لوگ آگ سے برے طریقے سے جُھلسے نہیں تھے۔ ڈاکٹروں کو شبہ ہے کہ دھواں اندر جانے سے دم گھٹنے کی وجہ سے موت ہوئی ہوگی، تاہم موت کی صحیح وجہ پوسٹ مارٹم کے بعد ہی معلوم ہو سکے گی۔
پولیس نے ہوٹل کو گھیرے میں لے لیا ہے اور معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔
فائر برگیڈ محکمہ کے ابتدائی اندازے کے مطابق شارٹ سرکٹ سے آگ لگی ہوگی، تاہم تحقیقاتی ٹیمیں تمام ممکنہ وجوہات کی جانچ کریں گی۔ فارنزک ماہرین کے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کرنے کی امید ہے۔ یہ حادثہ بیر بھوم ضلع کے تاراپیتھ میں ایک ہوٹل میں لگنے والی آگ میں نو افراد کی موت کے ٹھیک ایک دن بعد ہوا ہے۔ پولیس نے اس واقعے کے سلسلے میں ہوٹل کے مالک پربیر پال اور ان کے بیٹے کلیان آشیش پال کو گرفتار کر لیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال بڑا بازار کے مچھوا فروٹ مارکیٹ علاقے میں ایک ہوٹل میں لگنے والی شدید آگ میں 14 افراد کی موت ہو گئی تھی۔
یواین آئی۔الف الف