OthersPosted at: Nov 5 2025 6:50PM ریاست سے باہر مقیم بہاری ووٹروں سے ووٹ ڈالنے کی ڈاکٹر انوارالہدیٰ کی اپیل

پٹنہ، 4 نومبر، 5 نومبر (یو این آئی) جمعیت علماء بہار کے ناظمِ نشر و اشاعت ڈاکٹر انوارالہدیٰ نے ریاست بہار کے باہر مقیم تمام بہاری رائے دہندگان سے پُر زور اپیل کی ہے کہ وہ اسمبلی انتخابات میں اپنے جمہوری حقِ رائے دہی کا استعمال ضرور کریں انہوں نے آج یہاں جاری بیان میں کہا کہ 6 اور 11 نومبر کو ہونے والے مرحلہ وار انتخابات کے دوران اپنے اپنے اسمبلی حلقوں میں پہنچ کر ووٹ ڈالیں۔ڈاکٹر انوارالہدیٰ نے کہا کہ یہ ایک افسوس ناک امر ہے کہ ہر انتخاب میں بڑی تعداد میں بہار کے وہ ووٹر جو روزگار یا تعلیم کے سلسلے میں دوسرے صوبوں میں رہتے ہیں، ووٹ کی اہمیت کو نظرانداز کر دیتے ہیں اور اپنی جگہ پر ہی رہ جاتے ہیں۔ اس لاپروائی کے نتیجے میں ریاست میں ووٹ فیصد کم ہو جاتا ہے، جس کا براہِ راست فائدہ فسطائی اور غیر جمہوری طاقتوں کو حاصل ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ووٹ نہ صرف ایک شہری فریضہ ہے بلکہ قوم و ملت کے مستقبل کا ضامن بھی ہے۔ اگر باشعور شہری خاموش رہ جائیں تو سماج میں وہ طاقتیں ابھر کر سامنے آتی ہیں جو عوامی مفاد کے بجائے نفرت اور انتشار کو فروغ دیتی ہیں۔
ڈاکٹر انوارالہدیٰ نے مزید کہا کہ اس بار ایس۔آئی۔آر (SIR) انتخابی فہرست میں ان ووٹروں کے نام کاٹ دیے گئے ہیں جنہوں نے گزشتہ کئی انتخابات میں ووٹ نہیں ڈالا تھا۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہر شہری اپنا نام انتخابی فہرست میں ضرور چیک کر لے تاکہ ووٹ کے دن کسی کو بھی اپنے حق سے محروم نہ ہونا پڑے۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء بہار ہمیشہ سے عوامی بیداری، جمہوری اقدار اور سیکولر روایات کے تحفظ کے لیے سرگرم رہی ہے، اور اسی جذبے کے تحت عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ بڑے پیمانے پر پولنگ مراکز تک پہنچیں، ووٹ ڈالیں او اپنے جمہوری حقوق کی حفاظت کریں۔
ڈاکٹر انوارالہدیٰ نے آخر میں کہا کہ ووٹ ہی وہ طاقت ہے جو ملک و ریاست میں عدل، امن اور انصاف کی بنیاد کو مضبوط کر سکتی ہے۔ لہٰذا ہر اہل ووٹر کو چاہیے کہ وہ اپنے جمہوری حق کا استعمال لازمی طور پر کرے تاکہ بہار ایک روشن، ترقی یافتہ اور ہم آہنگ ریاست کے طور پر آگے بڑھ سکے۔
یو این آئی۔ ع ا۔