NationalPosted at: Apr 15 2025 7:39PM بہار اسمبلی انتخابات کی سرگرمیاں تیز : تیجسوی نے کھڑگے اور راہل سے ملاقات کی

نئی دہلی، 15 اپریل (یو این آئی) بہار اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں اور اس سلسلے میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے لیڈر تیجسوی یادو نے آج کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی سے ملاقات کی اور بہار اسمبلی انتخابات کے پیش نظر اتحاد کو مضبوط بنانے اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا بہار اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں آج دہلی میں کانگریس اور آر جے ڈی لیڈروں کی میٹنگ ہوئی اور دو دن بعد پٹنہ میں ایک اور میٹنگ بلائی گئی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ اس میٹنگ میں آر جے ڈی کے لیڈر ریاستی سطح کے لیڈروں سے ملاقات کریں گے جس میں سیاسی ماحول اور جیتنے والی سیٹوں کا اندازہ لگانے پر بات ہو سکتی ہے۔
مسٹر یادو صبح جیسے ہی پٹنہ سے دہلی پہنچے، وہ سیدھے مسٹر کھڑگے کی 10 راجا جی مارگ پر واقع رہائش گاہ پہنچے۔ اس موقع پر مسٹر کھڑگے اور مسٹر گاندھی کے علاوہ کانگریس کے جنرل سکریٹری (تنظیم) کے سی۔ وینوگوپال، بہار کانگریس کے انچارج کرشنا الاورو، بہار ریاستی کانگریس کے صدر راجیش کمار، آر جے ڈی کے راجیہ سبھا رکن منوج جھا اور ممبر پارلیمنٹ سنجے یادو وغیرہ موجود تھے۔
میٹنگ کے بعد مسٹر کھڑگے نے کہا "اس بار بہار میں تبدیلی یقینی ہے۔ آج ہم نے بہار کے سابق نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو سے ملاقات کی اور عظیم اتحاد کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ آنے والے انتخابات میں ہم بہار کے لوگوں کو ایک مضبوط، مثبت، منصفانہ اور فلاحی آپشن دیں گے۔ بہار کو بی جے پی اور اس کی تمام خودغرض تنظیموں سے آزاد کرایا جائے گا۔ بہار کے کسان ، مزدور ، انتہائی پسماندہ خواتین، مزدور ، نوجوان پسماندہ اور سماج کے دیگر تمام طبقات کے لوگ ریاست میں مہاگٹھ بندھن حکومت چاہتے ہیں۔‘‘
بعد ازاں مسٹر الاورو نے کہا "آج ہماری میٹنگ کا آغاز تھا اور اب دوسری میٹنگ 17 اپریل کو پٹنہ میں ہوگی، اس میٹنگ میں ہم تمام پارٹیوں سے ملاقات کرکے، اتفاق رائے اور مضبوط حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔"
یو این آئی ۔ ع خ