OthersPosted at: Apr 15 2026 6:43PM تیجسوی یادو کی سمراٹ چودھری کو وزیر اعلی بننے پرالبیلے انداز میں مبارکباد

پٹنہ، 15 اپریل (یو این آئی) بہار میں اپوزیشن کے لیڈر اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے قومی کارگزار صدر تیجسوی یادو نے بدھ کو سمراٹ چودھری کو وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد البیلے انداز میں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مسٹر چودھری نے 2025 کے انتخابات میں عوام کی پسند سے وزیر اعلیٰ بننے والے نتیش کمار کو اقتدار سے ہٹا کر اپنی برسوں پرانی قسم پوری کر لی ہے اس کے لیے انہیں ڈھیروں مبارکباد اور نیک خواہشات!
مسٹر یادو کا طنز اس واقعے کی طرف تھا جب تین سال پہلے بی جے پی اور جے ڈی یو کی علیحدگی کے دنوں میں مسٹر چودھری نے پگڑی باندھ کر کہا تھا کہ اب وہ اسے نتیش کمار کو وزارتِ اعلیٰ کے عہدے سے ہٹا کر ہی اتاریں گے۔
آر جے ڈی لیڈر نے آج کہا کہ انہیں امید ہے کہ نئے وزیر اعلیٰ چودھری اس حقیقت سے پہلے ہی آگاہ ہوں گے کہ 21 برس کے این ڈی اے دورِ حکومت کے باوجود نیتی آیوگ کے بیشتر معیارات اور پائیدار ترقی کے تمام اشاریوں میں بہار پیچھے ہے اور معیاری تعلیم، بہتر صحت، قانون و نظم، آمدنی و سرمایہ کاری، اخراجات و کھپت، روزگار کے مواقع، غربت و ہجرت، یکساں ترقی اور انسانی ترقی کے تمام اشاریوں میں بہار قومی اوسط سے کافی پیچھے ہے۔
آر جے ڈی کے رہنما نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات کی امید رکھیں گے کہ نئے وزیر اعلیٰ مسٹر چودھری بہار کی ترقی، خوشحالی، امن، ہم آہنگی، سلامتی اور ہمہ جہت اصلاح کے لیے پُرعزم ہوکر مضبوطی کے ساتھ کام کریں گے اور ریاست سے باہر کے لوگوں کی ہدایات کے آگے بہار کے لوگوں کے وقار کو گروی نہیں رکھیں گے۔
مسٹر یادو نے اشاروں اشاروں میں یہ بھی یاد دلایا کہ مسٹر چودھری کو سیاست کی ابتدائی تعلیم آر جے ڈی میں ملی ہے اور کہا کہ اپنے ابتدائی دنوں میں سوشلسٹ رہنے والے مسٹر چودھری کو دوبارہ مبارکباد اور نیک تمنائیں۔
یو این آئی۔ ظ ا۔ م الف