NationalPosted at: Oct 11 2025 7:27PM بہار اسمبلی انتخابات: این ڈی اے کی اتحادیوں کے درمیان ٹکٹ بٹوارے کے لیے رسہ کشی جاری

نئی دہلی، 11 اکتوبر (آئی این ایس) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور اس کی اتحادی پارٹیاں بہار اسمبلی انتخابات کے لیے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے اندر سیٹوں کی تقسیم پر اتفاق رائے تک پہنچنے میں اب تک ناکام رہی ہیں، اور ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہےبی جے پی کے ذرائع کے مطابق، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے اب این ڈی اے کے ٹکٹوں کی تقسیم کے عمل میں مورچہ سنبھال لیا ہے، اور وہی حتمی فیصلہ کریں گے۔ قابل ذکر ہے کہ بہار میں انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا آغاز ہو چکا ہے۔
تازہ ترین پیش رفت میں، ہندوستانی عوام مورچہ (ایچ اے ایم) کے سربراہ جیتن رام مانجھی ہفتہ کی سہ پہر بی جے پی کے صدر جے پی نڈا کی رہائش گاہ پر پہنچے۔ مسٹر مانجھی ایچ اے ایم کے لیے 15 سیٹوں کا مطالبہ کر رہے ہیں، جب کہ بی جے پی انھیں 7 سیٹوں کی پیشکش کر رہی ہے۔
بی جے پی لیڈروں اور این ڈی اے کی دیگر اتحادیوں، لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) اور راشٹریہ لوک سمتا پارٹی (آر ایل ایس پی) کے درمیان کئی دور کی بات چیت کے باوجود سیٹوں کی تقسیم پر سمجھوتہ نہیں ہو سکا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بہار میں ٹکٹوں کی تقسیم کی ذمہ داری سنبھال لی ہے، اور تمام پارٹیوں کے لیے سیٹوں کی تقسیم ایک دو دن میں طے ہو جائے گی۔ مرکزی وزیر اور ایچ اے ایم پارٹی کے سربراہ جیتن رام مانجھی بات چیت کے لیے ہفتہ کے روز دہلی پہنچے۔ آر ایل ایس پی کے سربراہ اوپیندر کشواہا کو بھی دہلی طلب کیا گیا ہے۔ ایل جے پی (آر) کے صدر چراغ پاسوان پہلے ہی دہلی میں ہیں۔
اس سے قبل، بہار اسمبلی انتخابات کے لیے این ڈی اے کی نشستوں کی تقسیم کے بارے میں، ریاستی بی جے پی صدر دلیپ جیسوال نے کہا کہ ہفتہ (11 اکتوبر) کی شام تک حتمی فیصلہ ہونے کے بعد صورتحال واضح ہوجائے گی۔
قبل ازیں مرکزی وزیر مملکت نتیا نند رائے اور مرکزی وزیر تعلیم اور بہار کے بی جے پی انچارج دھرمیندر پردھان جمعرات کے روز ایل جے پی (آر) کے سربراہ چراغ پاسوان کے گھر گئے اور انہیں منانے کی کوشش کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چراغ پاسوان 40 سے 45 سیٹوں کا مطالبہ کر رہے ہیں، جب کہ بی جے پی انہيں 20 کی پیشکش کر رہی ہے۔
یو این آئی۔ م ش۔