NationalPosted at: Jun 25 2025 5:55PM کانگریس کی نیت اب بھی آمرانہ : بی جے پی

نئی دہلی، 25 جون (یواین آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی کی طرف سے ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ کے 50 سال مکمل ہونے پر آج کہا کہ کانگریس کی نیت اب بھی آمرانہ ہے اورکانگریس کی حکمرانی والی ریاستوں میں احتجاج کا وحشیانہ جبر، مذہبی تسکین اور اقتدار کا غرور کھلے عام نظر آرہا ہے بی جے پی کے قومی صدر جگت پرکاش نڈا نے آج صبح ایک بیان میں کہا، "25 جون 1975 کی آدھی رات کو اس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی نے 'اندرونی خلفشار' کا بہانہ بنا کر ہندوستان پر ایمرجنسی مسلط کردی تھی اور ملک کے آئین کا گلا گھونٹ دیا تھا۔ 50 سال بعد بھی کانگریس اسی ذہنیت کے ساتھ کام کر رہی ہے، اس کے ارادے آج بھی ویسے ہی آمرانہ ہیں۔
مسٹر نڈا نے کہا، "1975 میں، عدالت نے اندرا گاندھی کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا قصوروار ٹھہرایا اور انہیں 6 برسوں تک کسی بھی منتخب عہدہ پر فائز رہنے کے لیے نااہل قرار دیا۔ راتوں رات پریس کی بجلی کاٹی گئی، پوری اپوزیشن کو جیلوں میں ڈال دیا گیا، پریس کی آزادی چھین لی گئی، آرٹیکل 352 کا غلط استعمال کر کے جمہوریت کو پامال کیا گیا۔ پارلیمنٹ اور عدلیہ کو مفلوج کر دیا گیا اور 26 جون کی صبح ملک پر کانگریس کی آمرانہ حکومت نے ایمرجنسی مسلط کردی۔
بی جے پی صدر نے کہا کہ کانگریس کی حکومت والی ریاستوں میں امن و امان کی حالت آج بھی وہی ہے جو ایمرجنسی کے دوران تھی - احتجاج کو دبانا، مذہبی تسکین اور طاقت کا گھمنڈ کھلے عام نظر آتا ہے۔
بی جے پی کے ایکس اکاؤنٹ پر بھی ایک پوسٹ میں لکھا گیا، ’’جب اقتدارڈگمگایا، آئین کو کچل دیا گیا، اپنے مستقبل کے لیے، پورے ملک کی موجودہ حالت کو یرغمال بنا لیا گیا، جمہوریت کا قتل کیا گیا، آزادی اظہار کو قید کر دیا گیا اور ملک پر آمریت کہ تاریکی مسلط کردی۔ 25 جون، 1975 - وہ سیاہ دن جب ’میں‘ کا غرور، ’ہم‘ کی آزادی پر بھاری پڑا۔ یاد رکھے گا ہندوستان۔
یواین آئی۔الف الف