EntertainmentPosted at: Jul 8 2024 4:55PM سنجیو کمار کو ہندوستانی سنیما کے ساتویں عظیم اداکار کے طور پر یاد کیا جاتا ہے

(9جولائی سالگرہ کے موقع پر)
ممبئی،8 جولائی (یو این آئی)معروف بالی ووڈ اداکار سنجیو کمار کا اصل نام ہری ہر جیٹھالال جری والا ہے وہ اپنی استعداد اور اپنے کرداروں کی حقیقت پسندانہ تصویر کشی کے لیے یاد کئے جاتے ہیں انہوں نے رومانوی ڈراموں سے لے کر تھرلرز تک کی فلموں میں اداکاری کی انہیں ہندوستانی سنیما کے ساتویں عظیم ترین اداکار کے طور پر بھی یاد کیا جاتا ہے ان کی معروف بالی ووڈ فلم انگور میں ان کے دوہرے کردار کو ہندوستانی سنیما کے 100 سال مکمل ہونے کے موقع پر ہندوستانی سنیما کی 25 بہترین اداکاری میں شامل کیا گیا۔
اپنی بااثر اداکاری سے ہندی سنیما میں اپنی مخصوص شناخت بنانے والے سنجیو کمار کو اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں میں وہ دن بھی دیکھنے پڑے جب انہیں فلموں میں ہیرو کے طور پر کام کرنے کا موقع نہیں ملا۔
سنجیو کمار 9 جولائی 1938 کو ایک متوسط طبقے کے گجراتی خاندان میں پیدا ہوئے۔ وہ بچپن سے ہی فلموں میں ہیرو بننے کا خواب دیکھا کرتے تھے اور اپنے اسی خواب کو پورا کرنے کے لئے انہوں نے فلمالیہ کے ایکٹنگ اسکول میں داخلہ لے لیا۔انہوں نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز 1965 کی فلم’نشان‘ سے کیا ۔1960 سے 1968 تک وہ فلم انڈسٹری میں جگہ بنانے کے لیے جدوجہد کرتے رہے ۔فلم ’ہم ہندوستانی‘ کے بعد انہیں جو بھی کردار ملا وہ اسے قبول کرتے چلے گئے۔اس دوران انہوں نے اسمگلر،پتی پتنی، حسن اور عشق، بادل، نونہال اور گناہگار جیسی کئی بی گریڈ کی فلموں میں اداکاری کی لیکن ان میں سے کوئی بھی فلم باکس آفس پر کامیاب نہ ہوئی۔
سال 1968 میں فلم’شکار‘ میں سنجیو کمار نے پولیس آفیسر کا کردار نبھایا۔ حالانکہ یہ فلم پوری طرح اداکار دھرمیندر پر مرکوز تھی اس کے باوجود وہ اپنی اداکاری کے تاثر چھوڑنے میں کامیاب رہے جس کے لیے انہیں معاون اداکار کا فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔1970 میں فلم کھلونا کی زبردست کامیابی کے بعدوہ ہیرو کے طور پر شناخت بنانے میں کامیاب ہوگئے اور اسی سال ریلیز ہوئی فلم ’دستک‘ میں اپنی لاجواب اداکاری کے لیے انہیں بہترین اداکار کے قومی ایوارڈ سے نوازا گیا۔
جاری یو این آئی۔ ایم جے۔