NationalPosted at: Jun 23 2024 8:18PM پیپر لیک، منسوخی یا ملتوی کرنا بی جے پی حکومت کا کام کرنے کا انداز بن گیا ہے: کانگریس

نئی دہلی، 23 جون (یو این آئی) کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے آج کہا کہ پیپر لیک ہونے کی وجہ سے بڑے اور اہم امتحانات کو منسوخ کرنا مودی حکومت کے کام کرنے کا اندازبن گیا ہے، لیکن پیپر منسوخ کرنا اور عہدیداروں کو تبدیل کرنا اس مسئلہ کا کوئی حل نہیں ہے، اس لیے اس سمت بلا امتیاز کام کرنے اور سب کے مفاد میں قدم اٹھانے کی ضرورت ہے مسٹر کھڑگے نے کہا، "این ای ای ٹی گھوٹالے میں ذمہ داری حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں کی ہے۔سرکاری ملازمین کو تبدیل کرنا بی جے پی کے ذریعہ تباہ شدہ تعلیمی نظام کے مسئلے کا حل نہیں ہے۔ این ٹی اے کو ایک خود مختار ادارہ کے طور پر پیش کیا گیا تھا لیکن حقیقت میں اسے بی جے پی اور آر ایس ایس کے مذموم مفادات کی تکمیل کے لیے بنایا گیا تھا۔
بی جے پی اور آر ایس ایس کے مذموم مفادات کے لیے بنائی گئی مودی حکومت کو طلبہ کو انصاف فراہم کرنے کے لیے جوابدہ ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا، "نیٹ پی جی کے امتحانات ملتوی کر دیے گئے ہیں۔ پچھلے 10 دنوں میں، چار امتحانات یا تو منسوخ یا ملتوی کر دیے گئے ہیں۔ پیپر لیک، بدعنوانی، بے ضابطگیوں اور تعلیمی مافیا نے ہمارے تعلیمی نظام کو تباہ وبرباد کردیا ہے۔دیر سے کی گئی کارروائی اور پردہ پوشی کا اب کوئی فائدہ نہیں کیونکہ لاتعداد نوجوان اس کا شکار بن چکے ہیں۔
محترمہ واڈرا نے کہا، نیٹ - پی جی پیر لیک، نیٹ - پی جی منسوخ، نیٹ - پی جی رد، سی ایس آئی آر -نیٹ رد۔ آج ملک کے سب سے اہم امتحانات کی یہ حالت ہے۔ بی جے پی کے دور میں پورا تعلیمی ڈھانچہ تباہ و برباد ہو گیا ہے۔حالت یہ ہے کہ بی جے پی حکومت شفاف طریقے سے ایک امتحان کا انعقاد تک بھی نہیں کراپارہی ہے۔
یواین آئی۔الف الف