NationalPosted at: Mar 15 2026 4:52PM کانشی رام کو بھارت رتن دینے کا مطالبہ، راہل گاندھی نے وزیر اعظم کو خط لکھا

نئی دہلی، 15 مارچ (یو این آئی) لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو بہوجن تحریک کے سرکردہ رہنما کانشی رام کی جینتی کے موقع پر خط لکھ کر انہیں بعد از مرگ ملک کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز بھارت رتن دینے کا مطالبہ کیا ہے راہل گاندھی نے اپنے خط میں کہا کہ سماجی انصاف کے عظیم مجاہد اور بہوجن بیداری کے رہنما کانشی رام جی نے ہندوستانی سیاست کی نوعیت بدلنے میں تاریخی کردار ادا کیا۔ انہوں نے دلتوں، محروم طبقات اور غریب عوام میں سیاسی شعور بیدار کیا اور انہیں یہ احساس دلایا کہ ان کا ووٹ، آواز اور نمائندگی نہایت اہم ہے۔
انہوں نے لکھا کہ کانشی رام جی نے اپنی پوری زندگی آئین ہند میں وعدہ کیے گئے مساوات، وقار اور شراکت کے اصولوں کو سماج کے نچلے ترین طبقات تک پہنچانے کے لیے وقف کر دی۔ ان کی کوششوں سے ہندوستانی جمہوریت کی بنیادیں مضبوط ہوئیں اور سیاست زیادہ نمائندہ اور منصفانہ بنی۔
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے اپنے خط میں یہ بھی ذکر کیا کہ کئی برسوں سے دلت دانشور، سماجی کارکنان اور سیاسی رہنما کانشی رام جی کو بھارت رتن دینے کا مطالبہ کرتے آ رہے ہیں۔ حال ہی میں لکھنؤ میں منعقدہ ایک پروگرام میں بھی اس مطالبے کو زور و شور سے دہرایا گیا جو وسیع عوامی جذبات کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانشی رام جی کو بعد از مرگ بھارت رتن دینا نہ صرف ان کی عظیم خدمات کو قومی سطح پر خراجِ تحسین پیش کرنا ہوگا بلکہ ان کروڑوں لوگوں کی امیدوں اور امنگوں کا بھی احترام ہوگا جو انہیں بااختیاری اور امید کی علامت کے طور پر دیکھتے ہیں۔ راہل گاندھی نے مرکزی حکومت سے اس مطالبے پر سنجیدگی سے غور کرنے کی اپیل کی ہے۔
یو این آئی۔ اے ایم۔