NationalPosted at: Nov 10 2025 5:34PM ملک میں اپنے حقوق کا مطالبہ کرنا جرم: سپریہ شرینت

نئی دہلی، 10 نومبر (یو این آئی) کانگریس کی سوشل میڈیا کی سربراہ سپریہ شرینت نے آلودگی سے نمٹنے میں ناکامی پر دہلی حکومت کے خلاف اتوار کی شام انڈیا گیٹ پر احتجاج کرنے والے لوگوں کی گرفتاری پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ اس ملک میں اپنے حقوق کا مطالبہ کرنا اب جرم بن گیا ہے اس رویہ کے لیے دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا اور دہلی پولس کو نشانہ بناتے ہوئےمحترمہ شرینتے نے پیر کو کہا کہ اگر اس ملک کے لوگ صاف ہوا کے لیے آواز اٹھاتے ہیں تو انہیں گرفتار کر لیا جائے گا، اگر نوجوان نوکریوں کی اپیل کریں گے تو انھیں گرفتار کر لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا، "اگر طلباء پیپر لیک کے خلاف بولیں گے تو انہیں گرفتار کیا جائے گا، خواتین تحفظ کا مطالبہ کریں گی توگرفتار کی جائیں گی۔ کسان اپنی پیداوار کی مناسب قیمت مانگیں گے تو گرفتار کیے جائیں گے۔ آشا اور آنگن واڑی کارکنان منصفانہ اعزازیہ کا مطالبہ کریں گی تو گرفتار کی جائیں گی۔ لیکن عصمت دری کرنے والے پیرول پر آزاد گھومیں گے۔ یہ مودی کا ماڈل ہے، جس کا خمیازہ پورا ملک بھگت رہا ہے۔"
کانگریس لیڈر نے کہا کہ اس ملک کے نوجوان صاف ہوا میں سانس لینے اور روزگار کا اپنا حق مانگ رہے ہیں، لیکن بدلے میں حکومت انہیں گرفتار کر کے جیل میں ڈال رہی ہے۔ اس نسل کو آئین پر بھروسہ ہے اور اب راہل گاندھی میں امید ہے اور ان کا یہ یقین اس ملک کی سیاست کو بدل دے گا۔
قابل ذکر ہے کہ اتوار کی شام کئی خواتین اپنے بچوں کے ساتھ انڈیا گیٹ پہنچی تھیں اور آلودگی سے نمٹنے میں ناکامی پر ریاستی حکومت کے خلاف احتجاج کر رہی تھیں۔ اس دوران دہلی پولیس نے کہا کہ یہ تمام لوگ بغیر اجازت انڈیا گیٹ پر جمع ہوئے تھے۔
قومی راجدھانی دہلی ریجن (این سی آر) میں بڑھتی ہوئی سردی کے درمیان فضائی آلودگی کی صورتحال میں بہتری کے آثار نظر نہیں آ رہے ہیں۔ پیر کو بھی آنند وہار سے چاندنی چوک تک زیادہ تر علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 400 کے قریب پایا گیا۔
یواین آئی۔الف الف