NationalPosted at: Jul 15 2026 3:14PM پیپر لیک کے خلاف جنتر منتر پر احتجاج کر رہے طلبہ کے نام تھرور کا کھلا خط

نئی دہلی، 15 جولائی (یو این آئی) کانگریس کے لوک سبھا ایم پی ششی تھرور نے قومی راجدھانی کے جنتر منتر پر امتحان کے نظام میں شفافیت اور پیپر لیک کے خلاف مظاہرہ کر رہے طلبہ کے نام بدھ کو ایک کھلا خط جاری کرتے ہوئے ان کے خدشات کی حمایت کی اور مرکز حکومت سے نوجوانوں کے ساتھ بامعنی بات چیت کرنے کی اپیل کی ہے مسٹر تھرور نے خط کے ذریعے کہا کہ منصفانہ اور میرٹ پر مبنی امتحان کے نظام ہی متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کے نوجوانوں کے لیے آگے بڑھنے کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔ انہوں نے خط میں اپنی زندگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک متوسط طبقے کے خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، جہاں ان کے والد ایک تنخواہ دار ملازم تھے اور ایک ہی آمدنی سے تین بچوں کی تعلیم کے اخراجات پورے ہوتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اسکالرشپ، منصفانہ امتحانات اور ایماندارانہ نتائج ہی ان جیسے خاندانوں کے بچوں کے خوابوں کو پورا کرنے کی بنیاد بنے۔
کانگریس ایم پی نے کہا کہ جب پیپر لیک ہوتے ہیں اور امتحانات منسوخ ہوتے ہیں تو نظام پر سے بھروسہ اٹھ جاتا ہے، تب سب سے زیادہ نقصان محنت کرنے والے نوجوانوں اور ان کے خاندانوں کو ہوتا ہے، جبکہ خوشحال طبقے کے پاس آگے بڑھنے کے دیگر متبادل موجود ہوتے ہیں۔ جنتر منتر پر مظاہرہ کر رہے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے مسٹر تھرور نے کہا کہ ان کا غصہ کوئی بے راہ روی نہیں بلکہ اس نسل کا درد ہے جس نے پوری ایمانداری سے محنت کی، پھر بھی نظام نے اسے مایوس کیا۔ انہوں نے نوجوانوں سے امید نہ ہارنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا مستقبل ان ہی کے ہاتھوں میں ہے۔
ساتھ ہی انہوں نے سماجی کارکن سونم وانگ چُک سے اپنی بھوک ہڑتال ختم کرنے کی گزارش کی۔ مسٹر تھرور نے کہا کہ پارلیمنٹ کا سیشن شروع ہونے پر طلبہ کے مسائل کو جمہوریت کے سب سے اعلیٰ فورم پر اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے بھی طلبہ کے ساتھ بات چیت کا آغاز کر کے ان کے مسائل کا حل نکالنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہی جمہوری قیادت کی پہچان ہے۔
یو این آئی۔ ایف اے