NationalPosted at: Jun 24 2025 11:45PM کانگریس نے امریکی ٹریول ایڈوائزری پر سخت اعتراض ظاہر کیا

نئی دہلی 24 جون (یواین آئی) کانگریس نے ہندوستان سے متعلق امریکی ٹریول ایڈوائزری پر مرکزی حکومت کی خاموشی پر سخت اعتراض کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ معاملہ امریکہ کے ساتھ اٹھایا جانا چاہئے کانگریس کی ترجمان اور ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی صدر سپریا سرینیٹ نے منگل کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ امریکہ نے ہندوستان کا سفر کرنے والے امریکی شہریوں کے لیے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے جو انتہائی قابل اعتراض ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے اس پر کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا ہے جس کے دور رس نتائج نکل سکتے ہیں۔
امریکا نے گزشتہ ہفتے اپنے شہریوں کے لیے ایک ایڈوائزری جاری کی تھی جس میں ہندوستان کے بارے میں احتیاط کرنے کو کہا گیا تھا۔ خواتین سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ سفر کے دوران تنہا نہ رہیں۔ ایڈوائزری میں امریکی سرکاری ملازمین سے کہا گیا ہے کہ وہ ہندوستان کا سفر کرنے سے پہلے پیشگی اجازت لیں۔
محترمہ شری نیت نے اس پیش رفت پر مرکزی حکومت کی خاموشی پر حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ اس کے ملک کے لیے دور رس نتائج ہوں گے۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے کہا کہ وہ اس معاملے کو امریکی حکومت کے ساتھ اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسے ملک کے لیے ایسا کوئی مشورہ نہیں دیا گیا جو دہشت گردوں کو پناہ دیتا ہے لیکن ایسا مشورہ ہندوستان کے لیے دیا گیا ہے جو دنیا کی چوتھی بڑی معیشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مودی حکومت کی ایک اور سفارتی ناکامی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ مشورہ نہ صرف عالمی پلیٹ فارم پر ہندوستان کی شبیہ اور ساکھ کو بری طرح متاثر کرے گا بلکہ ملک میں سیاحت اور سرمایہ کاری کو بھی نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ خارجہ پالیسی کی سنگین ناکامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کو ملک کو درپیش خواتین کی حفاظت سمیت کچھ سنگین مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
یواین آئی۔ ظ ا