NationalPosted at: Mar 24 2025 10:35PM سپریم کورٹ نے آئی آئی ٹی کے دو طالب علموں کی مشتبہ خودکشی کے معاملے میں ایف آئی آر درج کرنے کا دیا حکم

نئی دہلی، 24 مارچ (یو این آئی) سپریم کورٹ نے پیر کو دہلی پولیس کو حکم دیا کہ وہ 2023 میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) دہلی کے دو طالب علموں کی مبینہ طور پر ذات پات کی تفریق کی وجہ سے مبینہ خودکشی کے معاملے میں مقدمہ درج کرے۔
عدالت نے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں ایسے واقعات کو روکنے کے لیے سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس ایس رویندر بھٹ کی سربراہی میں ایک قومی ٹاسک فورس بھی تشکیل دی۔
جسٹس جے بی پاردیوالا اور جسٹس آر مہادیون کی بنچ نے دہلی ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کرنے والی ایک عرضی پر یہ حکم دیا۔
بنچ نے دہلی پولیس کو حکم دیا کہ وہ آئی آئی ٹی کے طالب علم آیوش آشنا اور انیل کمار کی موت کے معاملے میں ایف آئی آر درج کرے۔ ان طلباء نے مبینہ طور پر 8 جولائی 2023 اور یکم ستمبر 2023 کو خودکشی کی تھی۔
اس معاملے میں اس کے والدین نے آئی آئی ٹی دہلی میں ذات پات کی بنیاد پر امتیازی سلوک کا الزام لگایا تھا۔
بنچ نے دہلی ہائی کورٹ کی درخواست پر غور کرنے سے انکار کے خلاف دائر عرضی کو قبول کرلیا۔ اس کے علاوہ، عدالت نے اس معاملے میں دہلی پولیس کو ان کے فرائض کی یاد دہانی کراتے ہوئے کہا، ’’اگرچہ پولیس یہ مانتی ہے کہ جو الزام لگایا گیا ہے اس میں سچائی کا کوئی عنصر نہیں ہے، وہ ایف آئی آر درج کرنے اور تحقیقات کرنے کے بعد ہی ایسا کہہ سکتی تھی۔ ہم ایسا اس لئے کہتے ہیں کیونکہ یہ قانون ہے۔‘‘
عدالت عظمیٰ نے آئی آئی ٹی دہلی انتظامیہ کو بھی اس معاملے میں ان کے فرائض کی یاد دہانی کرائی اور کہا ’’کسی بھی افسوسناک واقعے میں، جیسے کیمپس میں خودکشی ہو، کالج کے افسران کا یہ واضح فرض بنتا ہے کہ وہ فوری طور پر ایف آئی آر درج کرائیں۔‘‘
عدالت عظمیٰ نے کہا کہ پولیس کے لیے بھی اتنا ہی ضروری ہے کہ وہ بغیر کسی تردید یا تاخیر کے ایف آئی آر درج کرکے فوری اور ذمہ داری سے کام کرے۔
ایف آئی آر کے اندراج کا حکم دیتے ہوئے بنچ نے کہا کہ یہ ایف آئی آر نہ صرف پولیس بلکہ والدین کے لیے بھی آنکھیں کھولنے والی ہے۔
اس سلگتے ہوئے مسئلے پر غور کرتے ہوئے، بنچ نے کہا کہ یہ سانحات مختلف عوامل سے نمٹنے کے لیے ایک زیادہ مضبوط، جامع اور ذمہ دار میکانزم کی فوری ضرورت کی نشاندہی کرتے ہیں جو کچھ طلبہ کو اپنی جان لینے پر مجبور کرتے ہیں۔
یو این آئی۔ این یو۔