OthersPosted at: Jun 20 2024 2:57PM بہار میں ہائی کورٹ نے ریزرویشن کا دائرہ وسیع کرنے والے قانون کو کیا منسوخ

پٹنہ، 20 جون ( یو این آئی ) پٹنہ ہائی کورٹ نے بہار میں دلتوں، قبائلیوں، پسماندہ اور انتہائی پسماندہ لوگوں کے لیے ریزرویشن کا دائرہ وسیع کرنے سے متعلق قانون کو منسوخ کر دیا ہے ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے ونود چندرن اور جسٹس ہریش کمار کی ڈویژن بنچ نے گورو کمار اور دیگر کی طرف سے دائر درخواست پر جمعرات کو اپنا فیصلہ سناتے ہوئے تعلیمی ادارے اور سرکاری نوکریاں میں ایس سی ایس ٹی، ای بی سی اور دیگر پسماندہ طبقات کو تعلیمی میدان میں 65 فیصد ریزرویشن دینے کے نتیش کمار حکومت کے فیصلے کو منسوخ کردیا ۔ اس معاملے پر طویل سماعت کے بعد 11 مارچ کو چیف جسٹس کے ونود چندرن اور جسٹس ہریش کمار کی ڈویژن بنچ نے فیصلہ محفوظ رکھا تھا۔
واضح رہے کہ ذات پات پر مبنی سروے رپورٹ آنے کے بعد نتیش حکومت نے ریزرویشن کا دائرہ بڑھانے کا فیصلہ کیا۔ اس کے بعد بہار اسمبلی کے سرمائی اجلاس کے دوران 9 نومبر 2023 کو بہار ریزرویشن ترمیمی بل 2023 پیش کیا گیا اور اس بل کو دونوں ایوانوں میں متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ اس کے تحت دلتوں، قبائلیوں، او بی سی اور ای بی سی کے لیے ریزرویشن کا دائرہ 50 فیصد سے بڑھا کر 65 فیصد کر دیا گیا۔ معاشی طور پر پسماندہ لوگوں (اعلی ذات) کے لیے 10 فیصد ریزرویشن سمیت بہار میں نوکریوں اور تعلیمی اداروں میں داخلوں میں ریزرویشن بڑھ کر 75 فیصد پر پہنچ گیا۔
یو این آئی۔ این یو۔