NationalPosted at: May 20 2025 10:07PM خواتین کے تحفظ کے لیے تعلقہ سطح تک پروٹیکشن افسران کا تقرر کریں: سپریم کورٹ

نئی دہلی، 20 مئی (یو این آئی) خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سپریم کورٹ نے منگل کو تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو ہدایت دی کہ وہ ضلع اور تعلقہ کی سطح پر خواتین اور بچوں کی ترقی کے محکمے کے اہلکاروں کی شناخت کریں اور انہیں پرویٹیکشن افسر کے طور پر نامزد کریں۔
جسٹس بی وی ناگ رتن اور ستیش چندر شرما کی بنچ نے عرضی گزار این جی او ’وی دی ویمن آف انڈیا‘ کی درخواست پر یہ حکم دیا۔
بنچ نے ریاستوں، مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے چیف سکریٹریوں اور خواتین اور اطفال/سماجی بہبود کے محکموں کے سیکریٹریوں کو ہدایت دی کہ وہ ہم آہنگی پیدا کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ افسروں کو گھریلو تشدد ایکٹ کے تحت پروٹیکشن آفیسر کے طور پر نامزد کیا جائے۔
بینچ نے حکم دیا کہ جن علاقوں میں انہیں نامزد نہیں کیا گیا ہے وہاں پروٹیکشن افسران کی تقرری کا عمل 20 مئی سے چھ ہفتوں کے اندر مکمل کیا جائے۔
ایک پروٹیکشن آفیسر وہ مقرر شخص ہوتا ہے جسے گھریلو تشدد کے متاثرین کی حفاظت اور بہبود کو یقینی بنانے کا کام سونپا جاتا ہے۔
درخواست میں ملک بھر میں گھریلو تشدد ایکٹ کے تحت بنیادی ڈھانچے میں بڑے خلاء کو پر کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ این جی او نے دلیل دی کہ گھریلو تشدد ایکٹ 15 سال سے زیادہ عرصے سے نافذ ہونے کے باوجود، گھریلو تشدد خواتین کے خلاف سب سے عام جرم ہے۔
یو این آئی۔ این یو۔