NationalPosted at: Mar 25 2025 4:25PM ریکھا گپتا حکومت کا پہلا بجٹ، ایک لاکھ کروڑ روپے خرچ کرنے کی تجویز

نئی دہلی، 25 مارچ (یو این آئی) دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے منگل کو مرکز کے زیر انتظام دہلی کی اسمبلی میں مالی سال 2025-26 کے لیے ایک لاکھ کروڑ روپے کا بجٹ پیش کیا، جس میں موجودہ مالیاتی بجٹ سے 31.5 فیصد زیادہ اخراجات کی تجویز ہے مسز گپتا کے پاس محکمہ خزانہ کی بھی ذمہ داری ہے بجٹ اجلاس کے دوسرے دن پیش کیے گئے بجٹ میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے 28,000 کروڑ روپے کا انتظام کیا گیا ہے۔
جب وزیر خزانہ مسز گپتا بجٹ پیش کرنے کے لیے کھڑی ہوئیں تو ایوان میں موجود بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے اراکین نے مودی-مودی کے نعرے لگائے اور میزیں تھپ تھپا کر ان کا استقبال کیا۔ اسمبلی میں مالی سال 2025-26 کے لیے ایک لاکھ کروڑ روپے کا بجٹ پیش کرتے ہوئے مسز گپتا نے کہا کہ یہ بجٹ نہ صرف دہلی کی مجموعی ترقی کے لیے نئی راہیں کھولے گا بلکہ ہر شعبے میں ترقی کے امکانات کو بھی تقویت دے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ دارالحکومت میں تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کی ترقی کو ایک نئی جہت دے گا۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے بجٹ میں 28,000 کروڑ روپے کا انتظام کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انفراسٹرکچر سیکٹر کے لیے کیے گئے انتظامات کو سڑکوں، پلوں، نکاسی آب، ٹرانسپورٹ اور دیگر عوامی خدمات کی توسیع کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ مسز گپتا نے یقین ظاہر کیا کہ یہ بجٹ دہلی کو ایک اسمارٹ اور جدید شہر میں تبدیل کرنے کی سمت ایک مضبوط قدم ثابت ہوگا۔
27 سال بعد دہلی میں برسراقتدار آنے والی بی جے پی حکومت کا آج یہ پہلا بجٹ ہے۔
یو این آئی۔ م ع۔ 1435