NationalPosted at: Jun 14 2025 7:47PM چوتھی حج پرواز سے 51 بغیر محرم خواتین حاجی دہلی پہنچیں ،دہلی ایئرپورٹ پر کوثر جہاں کا استقبال

نئی دہلی، 14 جون (یو این آئی) دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر 12 جون سے شروع ہونے والی حجاج کرام کی واپسی کے تیسرے دن، مورخہ 14 جون کو سعودی ایئرلائن کی پرواز نمبر 3084 کے ذریعے واپس آنے والے 439 حجاج کرام کے قافلے میں 51 ایسی خواتین شامل تھیں جو اس سال بغیر محرم کے مقدس حج پر گئی تھیں۔
ریلیز کے مطابق دہلی ایئرپورٹ کے ٹرمینل 3 پر ان خواتین حاجیوں کے استقبال کے لیے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن محترمہ کوثر جہاں خود موجود تھیں، جنہوں نے تمام خواتین کو پھولوں کا ہار پہنا کر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی، ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر محسن علی اور حج کمیٹی کا دیگر عملہ بھی موجود تھے۔
دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر جناب اشفاق احمد عارفی نے بتایا کہ اس سال دہلی امبارکیشن پوائنٹ سے بغیر محرم کے حج پر جانے والی 51 خواتین میں دہلی کی 20، اتر پردیش کی 22، بہار کی 2، جموں و کشمیر کی 4، پنجاب کی ایک اور اتراکھنڈ کی 2 خواتین شامل ہیں۔
قابلِ ذکر ہے کہ بغیر محرم کے خواتین کے حج پر جانے کی اجازت گزشتہ چند برسوں سے حکومتِ ہند نے دی ہے، اور اب ہر سال ایسی خواتین کی تعداد میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق دہلی آنے والی تیسری حج پرواز کے ذریعے مجموعی طور پر 1244 حجاج کرام دہلی واپس پہنچے، جن میں 566 خواتین اور 678 مرد شامل ہیں۔
یو این آئی۔ ع ا۔