RegionalPosted at: Jun 17 2025 10:25PM دھامی نے راج ناتھ کے ساتھ اتراکھنڈ کے مختلف اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا
نئی دہلی/دہرا دون، 17 جون (یواین آئی) اتراکھنڈ کے وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی نے منگل کو نئی دہلی میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی اور ریاست سے متعلق اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔
مسٹر دھامی نے وزیر دفاع سے رانی کھیت اور لانس ڈاؤن چھاؤنی کے علاقوں کو میونسپلٹی کے ساتھ ضم کرنے کی درخواست کی۔ جس سے ان علاقوں میں سیاحت اور عوامی سہولیات کی مجموعی ترقی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے آر سی ایس ایئر سروس کے تحت دھرچولا اور جوشی مٹھ کے فوجی ہیلی پیڈز کو استعمال کرنے کی اجازت دینے پر زور دیا۔ وزیر اعلیٰ نے ریاست میں آفات اور امدادی کاموں کے لیے ہندوستانی فضائیہ کی خدمات کے لیے قابل ادائیگی فیس کو معاف کرنے کی بھی درخواست کی۔
مسٹر دھامی نے گوالدم سے نندکیسری ہوتے ہوئے تھرالی دیوال-مندولی-وان موٹر روڈ کی دیکھ بھال کا کام مستقبل میں محکمہ تعمیرات عامہ سے کروانے کی بھی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سڑک ریاست کی اہم نندا دیوی راج جات یاترا کا اہم راستہ ہے۔
یواین آئی۔الف الف