OthersPosted at: Jul 24 2024 10:28AM حیدرآباد: چارمنزلہ عمارت میں آگ،ایک لڑکی جھلس کرہلاک،4افرادشدید طورپر جھلْسے
حیدرآباد24جولائی(یواین آئی)پراناشہرحیدرآباد کے علاقہ کلثوم پورہ میں چارمنزلہ عمارت میں آگ لگنے کے واقعہ میں ایک لڑکی جھلس کرہلاک اورایک خاندان کے4 افرادشدید طورپر جھلس گئے۔یہ واقعہ کل شب پیش آیا۔یہ آگ چارمنزلہ عمارت کی چوتھی منزل میں لگی جہاں پر فرنیچر تیار کرنے کا کام کیا جاتاتھا۔مہلوک لڑکی کی شناخت 10سالہ شیواپریہ کے طورپر کی گئی ہے جبکہ اس واقعہ میں جھلس جانے والوں میں 37سالہ سرینواس،24سالہ مادھوی،70سالہ لکشمی بائی اور 18سالہ میگھنا کے طورپر کی گئی ہے۔ان تمام کو علاج کے لئے عثمانیہ اسپتال منتقل کردیاگیاجہاں پر دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی چار فائربریگیڈ کے عملہ نے وہاں پہنچ کرپہلی اوردوسری منزل سے 7خاندانوں کے تقریبا25افراد کی جان بچانے کا کام کیا جو عمارت میں پھنسے ہوئے تھے۔ان اہلکاروں نے کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابوپایا۔ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔
یواین آئی وخ