NationalPosted at: Mar 17 2025 10:06PM ہندوستان-آسٹریلیا نے سمندری بیداری، معلومات کے تبادلے اور ٹیکنالوجی میں تعاون پر زور دیا

نئی دہلی، 17 مارچ (یو این آئی) ہندوستان اور آسٹریلیا نے سمندری ڈومین بیداری، باہمی معلومات کے تبادلے، صنعت اور سائنس و ٹیکنالوجی میں تعاون پر زور دیا ہے ہند-آسٹریلیا کے درمیان پیر کو یہاں منعقدہ نویں دفاعی پالیسی ڈائیلاگ میں ہندوستانی وفد کی قیادت وزارت دفاع کے جوائنٹ سکریٹری امیتابھ پرساد نے کی جبکہ آسٹریلیائی وفد کی قیادت آسٹریلیا کے محکمہ دفاع کے بین الاقوامی پالیسی ڈویژن کے فرسٹ اسسٹنٹ سکریٹری برنارڈ فلپ نے کی۔
دونوں اطراف نے دفاعی مشقوں اور بڑھتے تبادلوں اور دوطرفہ دفاعی تعاون میں مسلسل پیش رفت کا خیرمقدم کیا۔
میٹنگ میں نومبر 2023 میں دوسرے وزارتی سطح کے خارجہ اور دفاعی وزراء کے ٹو پلس ٹو، اکتوبر 2024 میں سیکرٹری سطح پر بین سیشنل ٹو پلس ٹو مشاورت اور نومبر 2024 میں لیڈروں کی دوسری سالانہ سربراہی کانفرنس کے دفاعی نتائج کا جائزہ لیا گیا۔ بات چیت میں سمندری ڈومین سے متعلق آگاہی، باہمی معلومات کا تبادلہ، صنعت، سائنس اور ٹیکنالوجی تعاون اور ایک دوسرے کے علاقوں سے تعیناتی سمیت مشترکہ مشقیں اور تبادلے کے ساتھ تعاون کی ترجیحات پر توجہ مرکوز کی گئی۔
انہوں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ہندوستان اور آسٹریلیا ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال ہند-بحرالکاہل خطے کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ دونوں فریقوں نے اس سال آسٹریلیا میں ہونے والے اگلے ٹوپلس ٹو وزارتی مذاکرات کی ترجیحات اور تیاریوں پر اتفاق کیا۔ انہوں نے اجتماعی طاقت کو بڑھانے، دونوں ممالک کی سلامتی میں تعاون دینے اور علاقائی امن و سلامتی میں اہم کردار ادا کرنے کے لئے دونوں وزرائے اعظم کے ذریعہ تصورکردہ دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کے طویل المدتی وژن کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں ممالک نے دفاعی صنعت میں تعاون کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے دفاعی سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے دونوں اطراف کی متعلقہ ایجنسیوں سے اپیل کی۔ انہوں نے کثیر الجہتی شراکت داروں کے ساتھ کام کرنے سمیت بحری، زمینی اور فضائی ڈومینز میں تعاون اور باہمی تعاون کو مزید گہرا کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
پچھلے کچھ سالوں میں دفاعی شعبہ ہندوستان-آسٹریلیا جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے ایک اہم ستون کے طور پر ابھرا ہے۔ دفاعی پالیسی ڈائیلاگ کا آٹھواں اجلاس 2023 میں منعقد ہوا۔ آسٹریلیائی وفد ممبئی میں مزاگون ڈاک شپ بلڈرز لمیٹڈ کا دورہ کرے گا۔ آسٹریلیائی شریک چیئرمین کل دفاعی سکریٹری راجیش کمار سنگھ سے ملاقات کریں گے۔
یواین آئی۔الف الف