NationalPosted at: Jun 24 2025 11:15PM ہندوستان اور نیپال نے مشاورتی گروپ میٹنگ میں سیکورٹی اور دفاعی تعاون پر کیا تبادلہ خیال

نئی دہلی، 24 جون (یو این آئی) ہندوستان اور نیپال نے 23-24 جون کو پونے میں سیکورٹی امور پر دو طرفہ مشاورتی گروپ کی 16ویں میٹنگ منعقد کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان سیکورٹی اور دفاعی تعاون سے متعلق امور پر وسیع غور و خوض کیا گیا۔
ہندوستانی وفد کی قیادت وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سکریٹری (شمالی) منو مہاور نے کی اور نیپالی وفد کی قیادت وزارت خارجہ کے جوائنٹ سکریٹری (جنوبی ایشیا) نیپال گہندر راج بھنڈاری نے کی۔
منگل کو یہاں جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں وفود میں خارجہ امور اور دفاع کی وزارتوں کے ساتھ ساتھ ہندوستانی فوج اور نیپالی فوج کے سینئر افسران بھی شامل تھے۔
دونوں فریقین نے سیکورٹی اور دفاعی تعاون سے متعلق مختلف امور پر نتیجہ خیز بات چیت کی جس میں سازوسامان کی فراہمی، تربیت، مشترکہ فوجی مشقیں، قدرتی آفات سے متعلق امدادی کارروائیوں اور فوجی تبادلے شامل ہیں۔
اس کے علاوہ وفود نے باہمی طور پر فائدہ مند تعاون کے امکانات کا پتہ لگانے کے لئے سرکاری اور نجی دفاعی شعبے کی اہم مینوفیکچرنگ تنصیبات کا بھی دورہ کیا۔
واضح رہے کہ ہند-نیپال دو طرفہ مشاورتی گروپ آن سیکورٹی ایشوز (آئی این بی سی جی ایس آئی) 2003 میں قائم کیا گیا تھا۔ یہ ہندوستان اور نیپال کے درمیان دو طرفہ دفاعی اور سیکورٹی تعاون کو مربوط کرنے کے لیے ایک جامع ادارہ جاتی طریقہ کار ہے۔
یو این آئی۔ این یو۔