NationalPosted at: May 20 2025 10:19PM ہند- پاک معاہدے میں کوئی مداخلت یا ثالثی نہیں: سلمان خورشید

نئی دہلی، 20 مئی (یو این آئی) سابق وزیر خارجہ اور کانگریس کے سینئر لیڈر سلمان خورشید نے منگل کو کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان حالیہ اتفاق دونوں ممالک کے درمیان براہ راست بات چیت کا نتیجہ ہے، جس میں کسی نے کوئی مداخلت یا ثالثی نہیں کی۔
مسٹر خورشید نے خارجہ سکریٹری وکرم مسری کی ایک اعلیٰ سطحی بریفنگ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ’’کوئی مداخلت یا ثالثی نہیں تھی لیکن جب دنیا میں ایسی چیزیں ہوتی ہیں تو لوگ پیغام بھیجنے یا کہنے کی کوشش کرتے ہیں۔‘‘
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یہ پہل پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم او) کی جانب سے کی گئی تھی۔ مسٹر خورشید نے کہا ’’انہوں نے کہا کہ ہمیں اسے ختم کرنے دو اور ہم نے کہا کہ اگر آپ اسے ختم کرنا چاہتے ہیں تو ہم بھی تیار ہیں۔
کانگریس لیڈر نے یہ بھی کہا کہ ملکی سیاست اور بین الاقوامی سفارت کاری میں فرق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر سیاست ہمارا حق ہے، ہمارا فرض ہے، یہ الگ بات ہے، لیکن ملک سے باہر جو کہنا ہے وہ الگ ہے۔
مسٹر خورشید کل جماعتی وفد کے رکن ہیں جو دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کے زیرو ٹالرنس کا مضبوط پیغام دنیا کو پہنچائے گا۔
یو این آئی۔ این یو۔