NationalPosted at: Mar 21 2025 8:48PM ہندوستانی طالب علم بدر خان سوری یا امریکی حکومت نے ابھی تک رابطہ نہیں کیا ہے: وزارت خارجہ

نئی دہلی، 21 مارچ (یو این آئی) فلسطینی دہشت گرد گروپ حماس کے ساتھ مبینہ روابط کے تعلق سے امریکی امیگریشن افسران کی طرف سے ہندوستانی طالب علم بدر خان سوری کو حراست میں لئے جانے کی خبروں کے درمیان، وزارت خارجہ نے آج واضح کیا کہ اس معاملے میں امریکی حکومت یا کسی ہندوستانی شہری نے ان سے رابطہ نہیں کیا ہے۔
یہاں ایک باقاعدہ میڈیا بریفنگ میں اس معاملے پر سوالات کا جواب دیتے ہوئے، وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا ’’ہمیں میڈیا رپورٹس کے ذریعے یہ اطلاع ملی ہے کہ اس مخصوص شخص کو حراست میں لیا گیا ہے۔ نہ ہی امریکی حکومت اور نہ ہی اس فرد نے ہم سے یا ہندوستانی سفارت خانے سے رابطہ کیا ہے۔‘‘
فلسطین کے حامی مظاہروں کا حصہ ہونے کی وجہ سے ویزہ منسوخ کئے گئے ایک دیگر ہندوستانی طالبا رنجنی سرینواسن کے بارے میں پوچھے جانے پر ترجمان نے کہا ’’ہم کہتے رہے ہیں کہ جب ویزا اور امیگریشن پالیسی کی بات آتی ہے تو یہ کسی ملک کے خود مختار کاموں کے تحت ہوتا ہے۔ ہم اپنی جانب سے، ہم یہ توقع کرتے ہیں کہ جب ہمارے غیر ملکی شہری ہندوستان کا دورہ کرتے ہیں، تو وہ ہمارے قوانین اور ضابطوں پر عمل کریں اور اسی طرح ہماری یہ توقع ہے کہ جب ہندوستانی شہری بیرونی ممالک میں ہوں تو انہیں مقامی قوانین اور ضابطوں پر بھی عمل کرنا چاہیے۔‘‘
واضح رہے کہ جارج ٹاؤن یونیورسٹی میں پوسٹ ڈاکٹریٹ فیلو بدر خان سوری کو پیر کی شب ورجینیا کے آرلنگٹن کے روسلن علاقے میں ان کے گھر کے باہر نقاب پوش ایجنٹوں نے گرفتار کیا تھا۔ ان کے وکیل نے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے مقدمہ دائر کیا ہے۔
یو این آئی۔ این یو۔