InternationalPosted at: Jun 23 2025 5:23PM ’یہ جنگ آپ نے شروع کی ہے لیکن ختم ہم کریں گے: ایرانی فوج کا ٹرمپ کو سخت انتباہ

تہران، 23 جون (یو این آئی) ایرانی فوج کے ترجمان نے امریکی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مسٹرٹرمپ، آپ یہ جنگ شروع کر سکتے ہیں لیکن ختم ہم کریں گے رائٹرز کے مطابق ایران کے خاتم الانبیاء مرکزی فوجی ہیڈکوارٹر کے ترجمان ابراہیم ذولفقاری نے کہا کہ امریکہ کو ایران کی جوہری تنصیبات پر بمباری کے سنگین نتائج اور حملوں کا سامنا کرنا پڑے گا ایران کے خاتم الانبیاء مرکزی فوجی ہیڈکوارٹر کے ترجمان نے ریکارڈ شدہ ویڈیو بیان میں کہا کہ امریکہ نے یہ مجرمانہ اقدام اسرائیل کا ساتھ دیتے ہوئے انجام دیا، اور یہ ایران کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
کرنل ابراہیم ذوالفقاری نے کہا کہ امریکہ سخت آپریشنز اور شدید نتائج کا انتظار کرے، امریکہ ایران کے ساتھ براہ راست جنگ میں کود چکا ہے، امریکہ اپنے اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا لیکن امریکی اقدام سے خطے میں جنگ کے پھیلاؤ کی راہ ہموار ہوگئی۔
مرکزی فوجی ہیڈکوارٹر کے ترجمان نے مزید کہا کہ امریکہ کے خلاف طاقتور، ٹارگٹڈ آپریشن ہوگا، امریکہ کو افسوسناک نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا، ماضی میں بھی مجرمانہ کارروائی پر امریکا کو فیصلہ کن جواب دیا تھا اس بار بھی امریکہ کو فیصلہ کن جواب دیں گے۔
واضح رہے کہ خاتم الانبیا یونٹ ایرانی مسلح افواج کا ایک خصوصی یونٹ ہے، جو براہِ راست جنرل اسٹاف کے ماتحت ہے اور پاسدارانِ انقلاب سے علیحدہ طور پر کام کرتا ہے۔
یو این آئی۔ ع ا۔