InternationalPosted at: Jun 20 2025 8:10PM ایران امن کا خواہاں اور سلامتی کا حامی، اسرائیل کا حملہ اشتعال انگیزی ،بچوں اور بے گناہوں کے قتل کا مرتکب:محمد جواد حسینی

نئی دہلی، 20 جون (یو این آئی)ایران امن کا خواہاں اور سلامتی کا حامی ہے اور اسرائیل نے بے بنیاد الزام لگاکر ایران پر حملہ کرکے بچوں اور بے گناہ شہریوں کا قتل کیا ہے اس امر کا اظہار ہندوستان میں ایرانی مشن کے نائب سربراہ محمد جواد حسینی نے ٖآج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے نیوکلیائی ہتھیار بنانے کا بے بنیاد الزام لگاکر ایران پر حملہ کیا اوراس کے نتیجے میں بچے اور بے گناہ ایرانی شہری مارے گئے۔ انہوں نے اسرائیل کا یہ حملہ بین الاقوامی قانون کے خلاف ہے اور بین الاقوامی برادری نے مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے نیوکلیر پلانٹ پر حملہ کیا ہے۔
مسٹر حسینی نے کہا کہ ایران ہمیشہ امن و سلامتی کا حامی ہے اور تہران کسی بھی امن مذاکرات کے لیے تیار ہے تاہم شرط یہ ہے کہ اسرائیلی فوجی کارروائی کی پہلے مذمت کی جائے اور جنگ بند کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ایران کبھی بھی مذاکرات کے خلاف نہیں رہا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ جنگ اور مذاکرات ایک ساتھ کیسے چل سکتے ہیں۔
ہندوستان میں ایرانی مشن کے نائب سربراہ نے کہا کہ درحقیقت ہم نے اپنے دفاع کے لیے اقوام متحدہ کے چارٹر کا سہارا لینے کی کوشش کی اور جوابی کارروائی کی۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے "یہ ظاہر کیا ہے کہ ہم اپنے ملک، اپنے لوگوں بشمول غیر ملکی شہریوں کا دفاع کرنے کے قابل ہیں" اور الزام لگایا کہ اسرائیل کی فوجی کارروائی نے غیر فوجی مقامات کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ جیسا کہ مغربی ایشیا میں حالات مسلسل خراب ہوتے جا رہے ہیں، ایرانی سفارت کار نے کہا کہ "ایران ہمیشہ امن اور سلامتی کے حق میں ہے" اور تہران "خطے میں استحکام کے حوالے سے کسی بھی اقدام کا خیر مقدم کرتا ہے۔"
اس سوال کے جواب میں کہ ہندوستان کشیدگی کو کم کرنے میں کیا کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم رابطے میں ہیں۔
ایران کے دارالحکومت تہران پر اسرائیل کے شدید حملے جاری ہیں۔ اسرائیل ایران کے جوہری پروگرام اور اس کی بیلسٹک میزائل صلاحیتوں کو تباہ کرنا چاہتا ہے۔ 'آپریشن رائزنگ لائین' کے تحت اسرائیل نے ایران کے بڑے علاقوں پر کئی حملے کیے، شہری ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ جس میں سینکڑوں شہری مارے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی فوجی کارروائی نے غیر فوجی مقامات کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ جیسا کہ مغربی ایشیا میں حالات بدستور خراب ہوتے جا رہے ہیں، ایرانی سفارت کار نے کہا، "ایران ہمیشہ امن اور سلامتی کے حق میں ہے" اور تہران "خطے میں استحکام کے حوالے سے کسی بھی اقدام کا خیر مقدم کرتا ہے۔"
انہوں نے اسرائیلی اسپتال پر ایران کے حملے کے تعلق سے پوچھے گئے سوال کےجواب میں کہا کہ ایران نے دوسرے ادارے پر حملے کئے ہیں جب کہ اسرائل غزہ میں اسپتالوں پر حملہ کرکے انہیں تباہ کردیا ہے اور شہریوں کا قتل عام کیا ہے۔
ایران میں ہندوستانی طلبہ اور شہری کے پھنسے ہونے کے تعلق سے ہندوستان میں ایرانی مشن کے نائب سربراہ نے کہا کہ ان کی وطن واپسی کا انتظام کیا گیا ہے اور آج رات انہیں مشہد سے طیاروں کے ذریعے نئی دہلی لایا جائے گا۔
یو این آئی۔ ع ا۔