InternationalPosted at: Apr 13 2026 4:32PM ٹرمپ ایسا کیا کرے جس سے معاہدے کی راہیں کھل جائیں گی؟ ایرانی صدر نے دل چسپ نکتہ بتا دیا

تہران، 13 اپریل (یو این آئی) ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ امریکی حکومت خود کو آقا سمجھنا چھوڑ دے تو معاہدے کی راہیں کھل سکتی ہیں ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا ’’اگر امریکی حکومت اپنی آمریت پسندی چھوڑ دے اور ایرانی قوم کے حقوق کا احترام کرے تو یقیناً معاہدے تک پہنچنے کے راستے نکل آئیں گے۔‘‘ صدر مسعود نے مذاکراتی ٹیم کے ارکان کی کارکردگی کی بھی تعریف کی، اور لکھا ’’میں مذاکراتی ٹیم کے اراکین، خاص طور پر میرے عزیز بھائی ڈاکٹر قالیباف صاحب، کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں اور کہتا ہوں: ’’خدا آپ کو طاقت عطا کرے۔‘‘
ادھر ایرانی اسپیکر پارلیمنٹ محمد باقر قالیباف نے امریکی صدر ٹرمپ کے بیان پر ردعمل میں کہا پاکستان میں انتہائی مفصل، سنجیدہ اور چیلنجز سے بھرپور مذاکرات کیے اور ہم نے نیک نیتی سے بہترین تجاویز پیش کیں اور اسلام آباد امن مذاکرات میں کچھ پیش رفت بھی ہوئی، لیکن امریکہ کو فیصلہ کرنا ہوگا وہ ایران کا اعتماد جیتنے کے لیے تیار ہے یا نہیں۔
امریکہ اور ایران میں چند روز بعد بات چیت کا ایک اور راؤنڈ ہو سکتا ہے، وال اسٹریٹ جرنل باقر قالیباف کا کہنا تھا امریکہ نے ایک سال میں 2 بار ایران پر حملہ کیا، اسے ہمارا اعتماد بحال کرنے کی ضرورت ہے، صدر ٹرمپ کی دھمکیاں ایرانی عوام پر اثرانداز نہیں ہوتیں، امریکہ نے ہمارا دوبارہ امتحان لیا تو بڑا سبق پڑھائیں گے۔ انھوں نے کہا ’’اگر آپ جنگ کریں گے تو ہم بھی جنگ کے لیے تیار ہیں، اگر آپ منطق کے ساتھ آگے آئیں تو ہم بھی منطق سے بات کریں گے۔‘‘
یو این آئی۔ ع ا ۔