RegionalPosted at: Mar 17 2025 12:02PM سری نگر – جموں قومی شاہراہ کھلی، مال بر دار گاڑیوں کو سری نگر سے جموں جانے کی اجازت

سری نگر، 17 مارچ (یو این آئی) وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ مسافر بر دار گاڑیوں کی دو طرفہ جبکہ مال بر دار گاڑیوں کی یک طرفہ نقل و حمل کے لئے کھلی ہے۔
حکام کے مطابق آج یعنی پیر کو مال بر دار گاڑیوں کو سری نگر سے جموں جانے کی اجازت ہے۔
ادھر وادی کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – لیہہ شاہراہ 20 فروری جبکہ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے راجوری اور پونچھ اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل پر گذشتہ زائد از دو ماہ سے ٹریفک مسلسل بند ہے۔
ٹریفک حکام نے بتایا کہ سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر مسافر بر دار گاڑیوں کی دوطرفہ آمد و رفت جاری ہے تاہم آج یعنی پیر کو بڑی گاڑیوں (مال بر دار گاڑیوں) کو سری نگر سے جموں جانے کی اجازت ہے۔
انہوں نے مسافروں سے لین ڈسلپن پر عمل کرنے اور اوور ٹیکنگ کرنے سے احتراز کرنے کی اپیل کی ہے۔
حکام نے مسافروں سے کہا ہے کہ وہ قومی شاہراہ پر دن کے دوران ہی سفر اختیار کریں نیز چٹانیں کھسک آنے کے خدشات کے پیش نظر رام بن اور بانہال کے درمیان غیر ضروری قیام کرنے سے پرہیز کریں۔
وادی کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – لیہہ شاہراہ بھی 20 فروری سے مسلسل بند ہے جبکہ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر گذشتہ 2 ماہ سے ٹریفک کی نقل و حمل معطل ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سنتھن روڈ اور چمبا – بھدرواہ روڈ بھی مسلسل بند ہیں۔
دریں اثنا وادی میں ایک ہفتے کے برف و باراں کے بعد موسم میں بتدریج بہتری واقع ہو رہی ہے۔
یو این آئی ایم افضل