OthersPosted at: Jun 14 2025 3:58PM کانگریس اپوزیشن میں بیٹھنے کے قابل بھی نہیں: پرہلاد جوشی

کلبورگی، 14 جون (یو این آئی) مرکزی وزیر پرہلاد جوشی نے ہفتہ کو کانگریس صدر ملکارجن کھرگے پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سب سے پرانی پارٹی عوام کا اعتماد کھو چکی ہے اور اس کے لیڈر اپوزیشن میں بیٹھنے کے قابل بھی نہیں ہیں۔
مسٹر جوشی نے وزیر اعظم نریندر مودی کے بارے میں مسٹر کھرگے کے متنازعہ ریمارکس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے صحافیوں سے کہاکہ "ہمیں کھرگے سے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے، ہندوستان کے عوام فیصلہ کرتے ہیں کہ ان کی قیادت کون کرے، ملک کے لوگوں نے آپ (کانگریس) کو اس طرح مسترد کیا ہے کہ پچھلی دو میعادوں میں اپوزیشن لیڈر کا کردار بھی آپ کی پہنچ سے باہر ہو گیا ہے اور اس بار بھی انتخابات کے باوجود کانگریس کو ذلت آمیز شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ مرکزی وزیر نے کہاکہ "آپ (کانگریس) اپوزیشن میں بیٹھنے کے بھی لائق نہیں ہیں، آپ کس طرح بکواس کر رہے ہیں۔ مسٹر جوشی کے تیکھے ریمارکس سے سیاسی تناؤ بڑھنے کا امکان ہے۔
غور طلب ہے کہ وزیر اعظم مودی کی حکومت کے 11 سال مکمل ہونے پر 11 جون کو مسٹر کھرگے نے وزیر اعظم پر صریح جھوٹ بولنے اور ووٹوں کے لیے لوگوں کو گمراہ کرنے کا الزام لگایا تھا۔ مسٹر کھرگے نے کئی قومی مسائل پر حکومت سے جوابدہی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کبھی ایسا وزیر اعظم نہیں دیکھا جو ووٹ حاصل کرنے کے لیے اتنا جھوٹ بولتا ہو اور گمراہ کرتا ہو۔
اس کا جواب دیتے ہوئے مسٹر جوشی نے کہا کہ اس طرح کے تبصرے جمہوری مینڈیٹ کی توہین ہیں۔
یواین آئی۔ظ ا