NationalPosted at: Apr 20 2025 6:02PM حکومت ہمیں ہیرالڈ کے جھوٹے مقدمات میں پھنسا رہی ہے: کھڑگے

نئی دہلی، 20 اپریل (یو این آئی) کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا ہے کہ نیشنل ہیرالڈ کیس جس میں حکومت کانگریس قیادت کو جھوٹے مقدمے درج کر کے پھنسا رہی ہے، وہی اخبار ہے جسے پنڈت جواہر لال نہرو نے ملک کی جدوجہد آزادی کے لیے شروع کیا تھا۔
مسٹر کھڑگے نے اتوار کو ٹویٹ کیاکہ "پنڈت جواہر لال نہرو نے نیشنل ہیرالڈ کی شروعات کی تھی۔ اس کے علاوہ نوجیون اخبار اور قومی آواز بھی شروع کیے گئے تھے۔ ان اخبارات کو شروع کرنے کا مقصد ملک کو آزاد کرانا، ملک کے لوگوں کو آگاہ کرنا اور لوگوں کی آواز کو برطانوی حکومت تک پہنچانا تھا۔"
انہوں نے کہاکہ"آر ایس ایس اور بی جے پی والے سازش کے ماہر ہیں، ان دنوں انہوں نے دوبارہ کانگریس کو جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کی کوشش کی ہے۔ جیسے ہی احمد آباد میں کانگریس کا اجلاس ختم ہوا، ایک دن بعد نیشنل ہیرالڈ کی جائیداد ضبط کر لی گئی، دو دن بعد کانگریس لیڈر سونیا گاندھی اور راہل گاندھی کے نام چارج شیٹ میں شامل کر دیے گئے، ان گنت چھاپے مارے گئے ہیں، لیکن نکلا کچھ نہیں، لیکن بدنام کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ "حال ہی میں نیشنل ہیرالڈ کیس میں جس خاندان کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی تھی، وہ تحریک آزادی کے دوران جیل میں تھا۔ آزادی سے پہلے آنند بھون اور سوراج بھون جیسی جائیدادیں ملک کے لیے وقف تھیں۔ اندرا گاندھی جی کو ملک کے لیے شہید کیا گیا، راجیو گاندھی جی کو شہید کیا گیا۔ پچھلے 11 سالوں سے مودی حکومت مسٹر راہل گاندھی کو نشانہ بنارہی ہے کیونکہ وہ کانگریس کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔"
مسٹر کھڑگے نے کہاکہ "اسی طرح دوسرے طاقتور اپوزیشن لیڈروں کے خلاف بھی فرضی کیس درج کیے جا رہے ہیں، جو بھی بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل ہوتا ہے، اس کا کیس بند کر دیا جاتا ہے، انہیں شرم آنی چاہیے کہ 10 سالوں میں ای ڈی نے 193 لیڈروں کے خلاف کیس درج کیے لیکن وہ صرف دو ہی کیس ثابت کر سکے۔ جب چاہیں، ای ڈی والے گھنٹوں لوگوں سے پوچھ گچھ کرتے ہیں اور پھر جھوٹی خبریں پھیلاتے ہیں۔ ہم کسی سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔"
یواین آئی۔ ظا