NationalPosted at: Apr 15 2025 9:41PM ای ڈی نے نیشنل ہیرالڈ معاملے میں سونیا اور راہل گاندھی کے خلاف عدالت میں مقدمہ درج کرایا

نئی دہلی، 15 اپریل (یواین آئی) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے منگل کے روز نیشنل ہیرالڈ سے متعلق مبینہ منی لانڈرنگ معاملے میں کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی ، راہل گاندھی اور پارٹی کے کچھ دیگر لیڈروں کے خلاف یہاں ایک خصوصی عدالت میں شکایت درج کرائی۔
ای ڈی نے منی لانڈرنگ کی روک تھام سے متعلق قانون (پی ایم ایل اے) کے تحت قائم خصوصی عدالت کے جج وِشال گوگنے کے سامنے یہ شکایت پیش کی۔ عدالت نے ای ڈی کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر رسمی نوٹس لیتے ہوئے سماعت کے لیے 25 اپریل کی تاریخ مقرر کی ہے۔
ای ڈی کی شکایت میں محترمہ گاندھی، مسٹرراہل گاندھی کے ساتھ کانگریس رہنما سیم پترودا اور سمن دوبے کو نامزد کیا گیا ہے۔ ایجنسی نے پی ایم ایل اےکی دفعہ 3 اور 4 کے تحت یہ مقدمہ درج کیا ہے۔
ایجنسی نے الزام عائد کیا ہے کہ گاندھی خاندان کے زیرِ کنٹرول ’ینگ انڈین‘ نامی کمپنی نے اب بند ہو چکے نیشنل ہیرالڈ اخبار کے پبلشر ’ایسوسی ایٹڈ جرنلز لمیٹڈ‘ (اے جے ایل) کی جائیدادیں بہت کم قیمت پر خریدی ہیں۔خصوصی جج گوگنے نے عدالت کے عملے کو ہدایت دی ہے کہ وہ ای ڈی کی شکایت سے متعلق دستاویزات کی تصدیق کریں اور انہیں رجسٹر کریں۔
خصوصی جج نے ای ڈی کو ہدایت دی کہ شکایت اور اس کے انیکسر کی ایک قابلِ مطالعہ سافٹ کاپی او سی آر فارمیٹ میں اگلی سماعت کی تاریخ تک فراہم کی جائے۔
ای ڈی نے عدالت کو یہ بھی اطلاع دی ہے کہ وہ ضلعی جج کے سامنے ایک درخواست دائر کرے گی، جس میں گزارش کی جائے گی کہ اس کیس سے متعلق جو اصل قانونی جانچ مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے شروع کی تھی، اسے بھی اسی خصوصی عدالت میں منتقل کیا جائے۔
مسٹر گاندھی، جو اس وقت رائے بریلی (اتر پردیش) حلقے کی نمائندگی کررہے ہیں، 18ویں لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر ہیں، جب کہ محترمہ سونیاگاندھی راجستھان سے راجیہ سبھا کی رکن ہیں۔
یواین آئی۔ م س