OthersPosted at: Oct 16 2025 6:36PM دنیا ہندوستان کو اکیسویں صدی کے مینوفیکچرنگ مرکز کے طور پر دیکھ رہی ہے:مودی

حیدرآباد 16اکتوبر(یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ آندھرا پردیش خودداری اور تہذیب و ثقافت کی سرزمین ہے کرنول کے نواحی علاقہ ننورمیں منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات کہی اس موقع پر وزیراعلیٰ چندرا بابو نائیڈو، گورنر جسٹس عبدالنذیر، نائب وزیراعلیٰ پون کلیان، نارا لوکیش اور دیگر قائدین موجود تھے وزیراعظم نریندر مودی نے ریاست بھر میں مختلف مقامات پر تعمیر شدہ اور تعمیر کے مرحلہ میں موجود 13,429 کروڑ روپے کی لاگت والے ترقیاتی منصوبوں کا ورچوئل افتتاح اور سنگِ بنیاد رکھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آندھرا پردیش سائنس اور اختراعات کا مرکز ہے۔ یہاں لامحدود امکانات کے ساتھ نوجوانوں میں بے پناہ قوت اور صلاحیت ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ چندرا بابو نائیڈو اور پون کلیان کی شکل میں آندھرا پردیش کو مضبوط قیادت حاصل ہے۔ مرکزی حکومت کی طرف سے ریاست کو مکمل تعاون حاصل ہے۔ گزشتہ دس ماہ سے ترقی کی رفتار تیز ہو گئی ہے۔ ڈبل انجن حکومت کی قیادت میں ریاست غیر معمولی پیش رفت کر رہی ہے۔ دہلی اور امراوتی دونوں تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2047 تک ہمارا ملک ’وِکست بھارت‘ بن جائے گا۔ اکیسویں صدی 140 کروڑ ہندوستانیوں کی صدی ہوگی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ریاست میں جاری منصوبوں سے ریاست میں کنیکٹیویٹی (رابطے) کو مزید مضبوطی حاصل ہوگی۔ ان منصوبوں کے ذریعہ صنعتوں کو فروغ ملنے کے ساتھ ساتھ عوام کے معیاری زندگی میں بھی بہتری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک یا ریاست کی ترقی کے لئے توانائی کی سلامتی نہایت اہم ہے۔ ٹرانسمیشن پراجکٹس کے ذریعہ ملک کی توانائی کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ گوگل کے اے آئی ڈیٹا سنٹر کے قیام سے آندھرا پردیش سب سی گیٹ وے کے طور پر ابھرے گا۔ یہ منصوبہ وشاکھاپٹنم کو اے آئی اور کنیکٹیویٹی ہب میں تبدیل کرے گا، جس سے نہ صرف ہندوستان بلکہ پوری دنیا کو خدمات فراہم کی جائیں گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان کی ترقی کے لئے آندھرا پردیش کی ترقی ناگزیر ہے اور آندھرا پردیش کی ترقی کے لئے رائل سیما کی پیش رفت بھی اتنی ہی ضروری ہے۔ یہ منصوبے رائل سیما کے ہر ضلع میں روزگار کے مواقع پیدا کریں گے اور خطہ کی ترقی کے لئے نئے دروازے کھولیں گے۔ ان پروجیکٹس کے نتیجہ میں صنعتی ترقی مزید تیز رفتار ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا ہندوستان کو اکیسویں صدی کے مینوفیکچرنگ مرکز کے طور پر دیکھ رہی ہے اور آتم نربھر ہندوستان کے حصول میں آندھرا پردیش کا کردار کلیدی رہے گا۔
وزیراعظم مودی نے الزام عائد کیا کہ کانگریس حکومتوں نے آندھرا پردیش کی صلاحیتوں کو نظرانداز کیا۔
انہوں نے کہا ملک کو آگے لے جانے کی طاقت آندھرا پردیش کے پاس ہے۔ این ڈی اے کے دورِ حکومت میں ریاست کا چہرہ تیزی سے بدل رہا ہے۔
یواین آئی وخ