NationalPosted at: Dec 12 2025 6:14PM کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا کو100کروڑ کا ہتک عزت نوٹس
نئی دہلی ،12دسمبریواین آئی، کانگریس پارٹی کے ترجمان اور پارٹی کے میڈیا اور پبلسٹی ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمیں پون کھیڑا پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر انکی ایک پوسٹ کے ردعمل میں 100کروڑ روپئے کا ہتک عزت کا دعوی کیاگیاہے ۔
یہ دعوی دی اسیٹسمین لمیٹڈ کے چیئرمین اور یواین آئی کے ڈائریکٹرآرپی گپتا نے پون کھیڑا کے اس ٹویٹ میں جس میں انھوں نے الزام لگایاتھا کہ ملک کے اعلی ترین عہدے دار کے دفترکے کسی شخص نے ایک میڈیا کمپنی حاصل کرنے کے لیے آرپی گپتا کی مددکی ہے ۔ آرپی گپتا کے وکلا کی جانب سے ایک سخت ترین نوٹس میں کھیڑا کے ٹویٹ کو ’’اشاروں کنایوں کے ذریعہ محض جھوٹے الزام لگانے کے مترادف قرار دیاہے ‘‘ اورکہاہے کہ کھیڑا نے نہ صرف انکے موکل بلکہ صدرجمہوریہ پر بھی اپنے سیاسی مفاد کے لیے غلط طورپر الزام لگایاہے ۔
وکلانے مزید کہاکہ کھیڑا نے غلط الزام لگاکر اور جھوٹ کا استعمال کرکے صدرجمہوریہ کی شبیہ کومجروح کرتے ہوئے ملک مخالف اور ملک کی عدلیہ پر سرکش اور گستاخانہ رویہ اختیار کیاہے ۔اس قانونی نوٹس میں کھیڑا سے اپنے ٹویٹ کوڈیلیٹ کرنے، انکے موکل سے معافی مانگنے اورتحریری حلف نامہ جس میں اس طرح کے الزامات لگانے سے باز رہنے کا وعدہ کیاگیاہو،دینے کے لیے کہاگیاہے ۔
قانونی نوٹس میں مزید کہاگیاہے کہ اگر کھیڑا ان مطالبات کو پورا نہیں کرتے ہیں توانکے پاس کھیڑا کے خلاف دیوانی اور فوجداری دونوں ہی مقدمے دائر کرنے کے اختیار ہیں ساتھ ہی کھیڑا کو انکے موکل کو 100کروڑ روپئے ادا کرنے ہونگے اور اگروہ آئندہ اسی طرح کی حرکت کرتے ہیں تو اسکے بھی اخراجات اور متعلقہ معافی بھی انھیں دینی ہوگی ۔
یواین آئی۔اے ایم ۔ایف اے