NationalPosted at: Jul 22 2024 1:54PM وقفہ سوالات میں NEET کے مسئلے پر بولنے کی اجازت نہ ملنے سے لوک سبھا سے اپوزیشن کا واک آؤٹ

نئی دہلی، 22 جولائی (یو این آئی) لوک سبھا میں پیر کے روز وقفہ سوالات کے دوران اپوزیشن ارکان نے قومی اہلیت و داخلہ ٹیسٹ (این ای ای ٹی) کے مسئلے پر بولنے کی اجازت نہ ملنے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔
وقفہ سوالات کی کارروائی کے دوران ایوان میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی اپنی جگہ پر کھڑے ہوئے اور NEET پیپر لیک کا مسئلہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان اپنے علاوہ اس سے جڑے سبھی پر الزام لگا رہے ہیں۔ وزیر موصوف کو سمجھ نہیں آ رہا ہے کہ امتحانات کے حوالے سے کیا ہو رہا ہے۔ نوکریوں اور داخلہ امتحان کے پرچے لیک ہونے سے لاکھوں طلبہ متاثر ہو رہے ہیں۔ طلبہ بہت پریشان ہیں۔ طلبہ کو یقین ہو گیا ہے کہ ملک میں امتحانی نظام میں فراڈ ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا، "لاکھوں لوگوں کا خیال ہے کہ اگر آپ امیر ہیں تو آپ امتحانی نظام خرید سکتے ہیں۔ ہم وزیر موصوف سے ایک سادہ سا سوال پوچھنا چاہتے ہیں اور یہ امتحانی نظام سے متعلق ہے کہ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے درحقیقت آپ کیا کرنا چاہتے ہیں؟
اس پر مسٹر پردھان نے کہا کہ اڈیشہ میں ان کے حلقہ کے ووٹروں نے انہیں یہاں منتخب کیا ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی نے انہیں وزیر بنایا ہے۔ انہیں کسی سے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے۔
اس کے بعد مسٹر راہل گاندھی سمیت دیگر اپوزیشن ارکان کچھ کہنا چاہتے تھے لیکن لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے اس کی اجازت نہیں دی۔ اس کی مخالفت میں کانگریس، سماج وادی پارٹی، ترنمول کانگریس اور ڈی ایم کے کے ارکان نے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔
یو این آئی۔ م ش۔