NationalPosted at: Mar 16 2025 10:32PM کرسٹوفر لکسن ہندوستان کےپانچ روزہ سرکاری دورے پر دہلی پہنچے

نئی دہلی، 16 مارچ (یواین آئی) نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم کرسٹوفر لوکسن ہندوستان کے پانچ روزہ سرکاری دورے پر اتوار کے روز یہاں پہنچے ماہی پروری، مویشی پروری و ڈیری کے مرکزی وزیر مملکت ایس. پی سنگھ بگھیل نے ہوائی اڈے پر نیوزی لینڈ کےوزیر اعظم کا استقبال کیا شام کو وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے مسٹر لکسن سے ہوٹل میں خیرسگالی ملاقات کی مسٹر کرسٹوفر لوکسن نئی دہلی میں 17 سے 19 مارچ تک منعقد ہونے والے ہندوستان کے فلیگ شپ سفارتی پروگرام رائسینا ڈائیلاگ میں مہمان خصوصی اور کلیدی اسپیکر ہوں گے۔ وزیر اعظم نریندر مودی پیر کو رائسینا ڈائیلاگ کا افتتاح کریں گے تاکہ بین الاقوامی برادری کو درپیش سب سے مشکل مسائل پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔ رائسینا ڈائیلاگ کے 10ویں ایڈیشن کا موضوع'کالچکر - لوگ، امن اور زمین' ہے۔
اپنے 16 سے 20 مارچ کے دورے کے دوران، وزیر اعظم کرسٹوفر لوکسن پیر کو نئی دہلی کے حیدرآباد ہاؤس میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کریں گے، جس میں دونوں رہنما ہند-نیوزی لینڈ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کریں گے۔ وزیر اعظم مودی مہمان خصوصی کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے۔ صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو کے ساتھ ان کی ملاقات بھی اسی دن کی شام میں طے ہے۔
مسٹر کرسٹوفر کے ہمراہ نیوزی لینڈ کے وزرا، سینئر حکام، کاروباری شخصیات، میڈیا کے نمائندے اور ہندوستانی نژاد کمیونٹی کے افراد پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی آیا ہے۔
مسٹر کرسٹوفر لوکسن کا بطور وزیر اعظم ہندوستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔ وہ ممبئی کا بھی دورہ کریں گے جہاں وہ 20 مارچ کو ویلنگٹن واپس آنے سے قبل ہندوستانی کاروباری مندوبین اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات سے تبادلہ خیال کریں گے۔
یواین آئی۔ م س